Tuesday , October 17 2017
Home / شہر کی خبریں / شادیوں کے ضمن میں پولیس کے اصلاحی اقدامات لائق ستائش

شادیوں کے ضمن میں پولیس کے اصلاحی اقدامات لائق ستائش

شہر کے دیگر زونس میں بھی مہم چلانے کا مشورہ ، صدر ایم ڈی ایف جناب عابد صدیقی کا بیان
حیدرآباد ۔ 3 ۔ دسمبر : ( دکن نیوز ) : شہر حیدرآباد میں پولیس کی جانب سے حالیہ غیر معمولی اصلاحی اقدامات کا عوامی حلقوں میں زبردست خیر مقدم کیا جارہا ہے ۔ خاص طور پر ساوتھ زون کے شادی خانوں میں تقاریب کا وقت مقرر کرنے اور آتش بازی ، گانا بجانا ، آرکسٹرا ، ڈی جے پر امتناع کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی جانب سے جو مثبت پہل کی گئی ہے وہ لائق ستائش ہے ۔ جناب عابد صدیقی صدر ایم ڈی ایف نے اس اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے ڈی سی پی ساوتھ زون اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس ساوتھ زون کو مبارکباد دی ہے کہ انہوں نے عوامی مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے ایک جرات مندانہ اقدام کیا ہے ۔ صدر ایم ڈی ایف نے حیدرآباد کے سٹی کمشنر پولیس سے مطالبہ کیا کہ وہ جنوبی زون کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں واقع شادی خانوں پر اس نوعیت کی پابندی عائد کرے تاکہ شہریوں اور بالخصوص ضعیف افراد کو سکون میسر ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے اس اقدام کے بعد قابل احترام قاضی صاحبان کو بھی اپنی جانب سے کوئی بہتر پیش رفت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے تجویز رکھی کہ قاضی صاحبان متفقہ طور پر یہ اعلان کریں کہ وہ 9 بجے شب کے بعد خطبہ نکاح نہیں پڑھائیں گے ۔ اس سلسلہ میں دفتر قضات سے باقاعدہ سرکلر جاری کیا جاسکتا ہے ۔ جب تک قانونی طور پر اس طرح اصلاحات عائد نہیں کیے جاتے مسلمانوں کی اس دیرینہ بے راہ روی کو ختم کرنا مشکل ہے ۔ انہوں نے محکمہ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں سے اپیل کی کہ وہ شہر کے تمام ہوٹلس کو نصف شب کے بعد کھلا رکھنے کی اجازت نہ دیں کیوں کہ ان ہوٹلوں کی وجہ سے نوجوانوں کی صحت پر مضر اثرات مرتب ہورہے ہیں ۔ وہ امید کرتے ہیں کہ تمام مسلم تنظیمیں اس معاملہ میں حکومت اور پولیس سے تعاون کرے گی ۔۔

TOPPOPULARRECENT