Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / شادی مبارک اسکیم کا بجٹ ختم، 5 ہزار درخواستیں زیرالتواء

شادی مبارک اسکیم کا بجٹ ختم، 5 ہزار درخواستیں زیرالتواء

حکومت سے مزید بجٹ کیلئے مساعی، دیگر اسکیمات سے بجٹ کے حصول کا امکان

حیدرآباد۔/5ڈسمبر، ( سیاست نیوز) غریب اقلیتی لڑکیوں کی شادی کے موقع پر امداد سے متعلق ’شادی مبارک‘ اسکیم کا جاریہ مالیاتی سال کا بجٹ خرچ ہوچکا ہے اور حکومت کی جانب سے نئے بجٹ کی اجرائی تک نئی درخواستوں کو امداد کی اجرائی ممکن نہیں۔ حکومت نے جاریہ سال 100کروڑ روپئے کا نشانہ مقرر کیا تھا اور محکمہ اقلیتی بہبود نے اس نشانہ کی تکمیل کرلی ہے جس کے بعد سرکاری خزانہ سے اس اسکیم کیلئے بجٹ کی اجرائی روک دی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اس اسکیم کے تحت ابھی تک 19018 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی اور 100کروڑ روپئے جاری کردیئے گئے۔ چونکہ حکومت نے 100کروڑ روپئے بجٹ میں مختص کئے تھے لہذا اس رقم کے خرچ ہوتے ہی سرکاری خزانہ سے اس اسکیم کیلئے بجٹ کی اجرائی کو روک دیا گیا۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے مزید بجٹ کی اجرائی کے سلسلہ میں چیف منسٹر سے نمائندگی کی ہے اور توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ مزید 75کروڑ روپئے جاری کردیئے جائیں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ 5200 درخواستیں زیر التواء ہیں جن کی ابھی تک جانچ نہیں کی گئی جبکہ 1056درخواستیں جانچ کے بعد رقم کی اجرائی کی منتظر ہیں۔ اس اسکیم کیلئے بجٹ کی کمی سے عوام کو امدادی رقم سے محرومی کا سامنا ہے اور وہ اقلیتی بہبود کے دفاتر کے چکر لگارہے ہیں۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بجٹ کی اجرائی کے بعد ہی امدادی رقم جاری کی جاسکتی ہے۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے  حکومت کو تجویز پیش کی کہ اگر وہ اجازت دے تو دیگر اسکیمات میں موجود بجٹ کو شادی مبارک کیلئے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اقلیتی بہبود میں اسکالر شپ اور فیس باز ادائیگی کیلئے الاٹ کردہ بجٹ کا کافی حصہ موجود ہے جسے شادی مبارک اسکیم پر خرچ کیا جاسکتا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل نے امید ظاہر کی کہ محکمہ فینانس مزید بجٹ کی اجرائی کو منظوری دے گا تاہم اگر موجودہ بجٹ کو منتقل کرنے کی اجازت مل جاتی ہے تو منظورہ درخواستوں کیلئے امدادی رقم جاری کرنے میں سہولت ہوگی۔ واضح رہے کہ حکومت نے اس اسکیم میں مبینہ بے قاعدگیوں کی جانچ کیلئے اینٹی کرپشن بیورو کے عہدیداروں پر مشتمل ٹیم قائم کی ہے جنہوں نے شہر اور اضلاع میں کئی بے قاعدگیوں کا پتہ چلایا۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے زائد بجٹ کی اجرائی کے مسئلہ کو چیف منسٹر سے رجوع کرنے کا تیقن دیا۔
خودروزگار اور چھوٹی صنعتوں پر لکچر
حیدرآباد ۔ 5 ڈسمبر (راست) محمد عبدالقدیر سکریٹری کے بموجب ماہنامہ رہبر صنعت و تجارت کا ہفتہ واری پروگرام اتوار 6 ڈسمبر کو 11.30 بجے دن تا 1.30 بجے دن دفتر رہبر صنعت و تجارت بمقابل ہندی ملاپ آفس نزد بی جے پی آفس معظم جاہی مارکٹ پر منعقد ہوگا۔ جناب محمد صدیق طاہر پین بام اور مساج آئیل بنانے کا طریقہ اور فزیرتھراپی پر لکچر دیں گے۔ جناب محمد سلیم الدین ایکسپورٹ ایمپورٹ پر لکچر دیں گے۔ جناب ایس ایم معز فوڈ پروسیسنگ، رجسٹریشن اور لائسنسنگ پر لکچر دیں گے۔ مزید تفصیلات کیلئے فون نمبر 9393420909 پر ربط کریں۔

TOPPOPULARRECENT