Wednesday , September 20 2017
Home / شہر کی خبریں / شادی مبارک اسکیم کی 9 ہزار درخواستوں کی یکسوئی : محمود علی

شادی مبارک اسکیم کی 9 ہزار درخواستوں کی یکسوئی : محمود علی

حیدرآباد۔26 ڈسمبر (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی نے بتایا کہ جاریہ سال شادی مبارک اسکیم کے تحت 9 ہزار درخواستوں کی یکسوئی کی گئی ہے۔ اسمبلی میں زیرو اوور کے دوران مجلسی رکن اسمبلی جعفر حسین کے سوال پر محمود علی نے بتایا کہ جاریہ سال شادی مبارک اسکیم کے تحت زیر التوا درخواستوں کی جلد ہی یکسوئی کردی جائے گی۔ مجلسی رکن نے شکایت کی حکومت کی عدم توجہ کے باعث جاریہ سال شادی مبارک اسکیم بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ گزشتہ سال اس اسکیم کے تحت 20 ہزار 454 درخواستوں کی یکسوئی کی گئی تھی جبکہ جاریہ سال گزشتہ چھ ماہ سے اسکیم کے تحت منظوریاں باقی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی شرائط کے تحت آر ڈی او اور متعلقہ رکن اسمبلی سے چیک حاصل کرنے ہیں لہٰدا درخواست گزار اپنے چیکس کے لئے ارکان اسمبلی سے رجوع ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال ابھی تک 4 ہزار درخواستوں کی بھی یکسوئی نہیں کی گئی۔ انہوں نے شکایت کی کہ بعض آر ڈی او درخواست گزاروں کو مسلمان ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کرنے کے لئے اصرار کررہے ہیں۔ یہ اسکیم مسلمانوں کے لئے ہے اور میریج سرٹیفکیٹ خود اس بات کا ثبوت ہے کہ درخواست گزار مسلمان ہے لہٰذا اس طرح علیحدہ سرٹیفکیٹ کا مطالبہ کرنا مناسب نہیں۔

TOPPOPULARRECENT