Friday , October 20 2017
Home / جرائم و حادثات / شادی کا پیغام اور تحفوں کے ذریعہ دھوکہ دہی نائیجیریائی باشندے سمیت 12 افراد گرفتار

شادی کا پیغام اور تحفوں کے ذریعہ دھوکہ دہی نائیجیریائی باشندے سمیت 12 افراد گرفتار

حیدرآباد۔ 26 نومبر (سیاست نیوز) شادی کا پیغام دے کر تحفوں کے نام پر دھوکہ دینے والے ایک نائیجیریائی باشندہ سمیت پولیس نے 12 افراد کو گرفتار کرلیا جنہوں نے شادی کے نام پر تحفہ کے ذریعہ خاتون کے تقریباً 10 لاکھ روپئے لوٹ لئے۔ سائبرآباد کرائم پولیس نے شادی کے نام پر لوٹنے والی اس ٹولی کو بے نقاب کردیا۔ سائبرآباد کرائم انسپکٹر محمد ریاض الدین کے مطابق ایک خاتون ڈاکٹر جو ایم بی بی ایس اور ایم ایس ہے، اس نے شہر میں رشتہ کیلئے شادی ڈاٹ کام پر رجسٹر کروایا تھا۔ اس دوران خاتون کے رشتہ کے پیغام کو دیکھ کر نائیجیریائی باشندہ نے اس خاتون ڈاکٹر سے ربط پیدا کیا اور اس دھوکہ باز نے خاتون سے شادی میں دلچسپی دکھاتے ہوئے شادی کا پیغام بھی روانہ کیا ۔ شادی کیلئے رضامندی پر تحفے روانہ کئے۔ اس کے بعد اس نے خاتون کو لوٹنے اور دھوکہ دینے کا سلسلہ شروع ہوا۔ 31 اکتوبر کو اس خاتون کو فون کال حاصل ہوا جس میں نائیجیریائی باشندہ سمیت والٹر کے تحفے کا ذکر کیا گیا اور اس پیاکیج میں قیمتی زیورات، چیکس، لیاپ ٹاپ، موبائیل فون، ملبوسات وغیرہ ہیں جس کا وزن زیادہ ہے اور فون کرنے والے نے خود کو ممبئی ایرپورٹ کا کسٹم عہدیدار ظاہر کیا۔ اس نے خاتون ڈاکٹر کو مشورہ دیا کہ 42,500 روپئے جمع کرادیں اور اس کے بعد مزید 9,59,500 روپئے جمع کرنے کیلئے کہا جس کے بعد خاتون نے شبہ ظاہر کرتے ہوئے پولیس میں شکایت درج کرائی۔ پولیس نے اس ٹولی کے اصل سرغنہ کھینچا جان جو نائیجیریائی باشندہ ہے، کو ممبئی میں گرفتار کرلیا۔ اس کے علاوہ پولیس نے مزید 11 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے بینک کھاتوں میں رقم جمع کرائی جارہی تھی اور تمام بینک اکاؤنٹس ہولڈرس کا تعلق ریاست بہار سے بتایا گیا ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 6,97,900 لاکھ روپیوں کے علاوہ 49 اے ٹی ایم، 55 چیک بُکس، 21 بینک پاس بُک، 19 موبائیل فون، 15 پیان کارڈس اور دیگر اشیاء کو ضبط کرلیا۔

TOPPOPULARRECENT