Thursday , March 30 2017
Home / Top Stories / شادی کیلئے رقم حاصل کرنے میں ناکامی ، عوام بے بس

شادی کیلئے رقم حاصل کرنے میں ناکامی ، عوام بے بس

آر بی آئی نے بینکوں کو ہدایت نہیں دیں، آئندہ ہفتہ سے اجرائی کا امکان

بینکوں میں قطار کم لیکن اے ٹی ایمس پر افراتفری

نئی دہلی 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) حکومت کی تحدیدات کے باعث مختلف بینکوں کی شاخوں پر آج قطاروں میں کمی دیکھی گئی لیکن اے ٹی ایمس پر افراتفری کا ماحول تھا کیوں کہ اِن میں سے اکثر کام نہیں کررہے تھے۔ 3 دن قبل شادی کے لئے 2.5 لاکھ روپئے منہا کرنے کی سہولت کا اعلان کیا گیا لیکن عوام بے بسی کے عالم میں چکر کاٹتے رہے کیوں کہ اس پر اب تک عمل آوری نہیں ہوپائی ہے۔ آر بی آئی کی واضح ہدایات نہ ہونے کے باعث کسی بھی بینک میں ادائیگی کا کوئی انتظام نہیں ہے۔ بینکوں نے کہا ہے کہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) سے ضابطہ کارروائی کے رہنمایانہ خطوط موصول ہونے کے بعد آئندہ ہفتہ سے ضرورت مند خاندانوں کو شادیوں کے لئے 2.5 لاکھ روپئے کی فراہمی کا آغاز ہوگا۔ پنجاب نیشنل بینک کی منیجنگ ڈائرکٹر اوشا اننتا سبرامنیم نے کہاکہ ’’ضابطہ کارروائی کیلئے آر بی آئی کے رہنمایانہ خطوط کی عدم موجودگی کی صورت میں ہم (دلھا، دلہن کے) خاندانوں کو 2.5 لاکھ روپئے کی رقم جاری کرنے سے قاصر ہیں۔ مرکز نے اگرچہ دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ ایسے خاندانوں کو ان کے بینک کھاتوں سے 2.5 لاکھ روپئے جاری کئے جائیں گے جن کے گھر شادی مقرر ہے۔ تاہم بینک ذمہ داروں نے توقع ظاہر کی ہے کہ اس ضمن میں آر بی آئی سے پیر یا منگل تک رہنمایانہ ہدایات موصول ہوجائیں گی جس کے بعد ہی بینک برانچس شادی کے لئے مقررہ 2.5 لاکھ روپئے جاری کرسکیں گے۔ احکام کے مطابق دلھا / دلہن یا ان کے خاندان میں سے کسی ایک کو یہ رقم نکالنے کی اجازت رہے گی۔ لڑکا اور لڑکی دونوں کے خاندان فی کس 2.5 لاکھ روپئے کی رقم اپنے کھاتوں سے نکال سکتے ہیں۔ خاندانوں کو رقم کی فراہمی کے لئے ملک بھر کی مختلف بینک برانچس پر دلھا / دلہن یا ان کے ارکان خاندان اپنے کھاتہ سے رقم نکالنے کے لئے بینکوں پر جمع ہوئے تھے تاہم بینک اسٹاف کی طرف سے آر بی آئی ہدایات موصول نہ ہونے کے ادعا کے بعد مایوسی کے ساتھ خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔ اوشا اننتا سبرامنیم نے کہا ہے کہ پنجاب نیشنل بینک کے 9600 کے منجملہ 2000 اے ٹی ایم نئے نوٹوں کی اجرائی کے بعد جدید طریقہ کار سے ہم آہنگ ہوچکی ہیں۔ وزیر فینانس ارون جیٹلی نے کہاکہ بینک کی شاخوں پر قطاریں کافی کم ہوگئی ہیں اور کسی کو بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT