Sunday , July 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / شاراپووا کو راجرس کپ میں راست شرکت کی اجازت

شاراپووا کو راجرس کپ میں راست شرکت کی اجازت

ٹورنٹو ۔24مئی (سیاست ڈاٹ کام) سابق نمبر ایک کھلاڑی روس کی ماریا شاراپووا کو بھلے ہی گرانڈ سلام فرنچ اوپن کے لئے  وائلڈ کارڈ (راست شرکت کی اجازت) نہ ملا ہو لیکن اگست میں ہونے والے راجرس کپ ٹینس ٹورنمنٹ میں منتظمین نے انہیں وائلڈ کارڈ سے داخلہ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے پچھلے مہینے ہی ڈوپنگ کی وجہ سے 15 مہینے کی معطلی کا سامنا کرنے کے بعد میدان پر دوبارہ واپسی کی ہے ۔ روسی کھلاڑی کو اب تک تین ڈبلیوٹی اے ٹورنمنٹس میں وائلڈ کارڈ دیئے جا چکے ہیں۔شاراپووا معطلی کی وجہ سے عالمی درجہ بندی میں 200 سے بھی نیچے مقام پرآ گئی ہیں جس کی وجہ سے انہیں اب کسی بھی ٹورنمنٹ میں کھیلنے کے لیے وائلڈ کارڈ کا ہی سہارا ہے ۔ گزشتہ ہفتے اسٹارٹ گارٹ میں وہ اپنے پہلے ٹورنمنٹ میں سیمی فائنل تک پہنچی تھیں لیکن انہیں سال کے دوسرے گرانڈ سلام فرنچ اوپن کے لئے منتظمین نے وائلڈ کارڈ دینے سے انکار کر دیا تھا۔روسی کھلاڑی یہاں دو مرتبہ چیمپئن رہ چکی ہیں۔راجرس کپ ٹورنمنٹ کے ڈائرکٹر کارل ہالے نے کہا شاراپووا شائقین کی پسندیدہ کھلاڑی ہیں دوسری جانب شاراپووا نے کہا کہ میں کناڈا واپس آنے پر بہت خوش ہوں ، یہ سال کے بڑے ٹورنامنٹوں میں سے ایک ہے اور میں یہاں بہتر سے بہتر کھیلنے کی کوشش کروں گی۔حالانکہ یہ دلچسپ بات ہیکہ کناڈا کی نمبر ایک کھلاڑی یوجیني بوشارڈ ہمیشہ سے شاراپووا کی مخالف رہی ہیں اور انہوں نے روسی کھلاڑی کی مذمت کرتے ہوئے کہا تھا کہ شاراپووا جیسی’دھوکے باز’ کھلاڑی پر تاحیات پابندی عائد کردینی چاہئے نہ کہ ان کا واپسی پر خیر مقدم کرنا چاہئے ۔اس ماہ کے آغاز میں ہی میڈرڈ اوپن میں دونوں کھلاڑیوں کے درمیان دوسرے دور کا مقابلہ ہوا تھا جہاں بوشارڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس میچ میں جیتنے کے بعد بوشارڈ نے میدان پر شاراپووا کے سامنے الگ انداز میں جشن منایا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT