Tuesday , September 26 2017
Home / کھیل کی خبریں / شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان 255/8

شارجہ ٹیسٹ میں پاکستان 255/8

شارجہ۔30 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان نے کھیل کے پہلے دن 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر 255 رنز بنالیے۔شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے تیسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن پاکستان نے 8 وکٹوں کے نقصان پر 255 رنز بنا لئے ہیں۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اننگز کا آغاز سمیع اسلم اور اظہر علی نے کیا تاہم پہلے ہی اوور میں اظہرعلی صفراور اسد شفیق بھی بغیر کھاتا کھولے پویلین لوٹ گئے۔ ایک رن پر دو وکٹیں گرنے کے بعد سمیع اسلم اور یونس خان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور دونوں کے درمیان 106 رنز کی شراکت قائم ہوئی، 107 کے مجموعی اسکور پر یونس خان 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سمیع اسلم 74 ،کپتان مصباح الحق 53 اور سرفراز احمد 51 رنزبنا کر آؤٹ ہوئے۔قبل ازیں ٹاس جیت کر پاکستان کے کپتان مصباح الحق نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وکٹ بہت مشکل ہے اور بولرز کو بہت محنت کرنا ہو گی تاہم آگے چل کر وکٹ اسپنرز کیلئے سازگار ہو سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، محمد عامر اور وہاب ریاض کی واپسی ہوئی ہے جب کہ راحت علی اور سہیل خان کو باہر بٹھایا گیا ہے۔ ویسٹ انڈین قائد جیسن ہولڈر کا کہنا تھا کہ اب تک سیریز بہت مشکل ثابت ہوئی ہے لیکن کوشش ہو گی کہ سیریز کا اختتام اچھا ہو اس لئے میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔واضح رہے کہ تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز پر 2-0 کی واضح برتری حاصل ہے اور اگر پاکستان تیسرا ٹیسٹ بھی جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے کے بعد ٹیسٹ میں بھی ویسٹ انڈیز کو وائٹ واش کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT