Wednesday , September 20 2017
Home / دنیا / شامی اپوزیشن لیڈر کی جنیوا بات چیت میں شرکت

شامی اپوزیشن لیڈر کی جنیوا بات چیت میں شرکت

جنیوا ۔ 3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شام میں مختلف اپوزیشن تنظیموں پر مشتمل گروپ کے سربراہ اور سابق وزیراعظم ریاض حجاب جنیوا پہنچ رہے ہیں جہاں وہ شامی بحران پر امن بات چیت میں حصہ لیں گے۔ اعلیٰ مذاکرات کمیٹی کے سربراہ حجاب کی آمد ان امن مذاکرات کی سمت ایک اہم پیشرفت ہے جو شام میں گذشتہ پانچ سال سے جاری خانہ جنگی اور بحران کے خاتمہ کیلئے منعقد کئے جارہے ہیں۔ ایک مغربی سفارتکار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر جنیوا میں کہا کہ ’’ریاض حجاب کی آمد سے اعلیٰ مذاکرات کمیٹی، اپوزیشن کی نمائندگی کیلئے ایک متحدہ موقف کا مظاہرہ ہوگا‘‘۔ مغربی سفارتکار نے مزید کہا کہ ’’(مذاکرات) ایک انتہائی پیچیدہ عمل ہے جس میں تمام فریقین کو بات چیت کے عمل میں ثابت قدمی کے ساتھ شامل رہنے کی ضرورت ہے‘‘۔ حجاب اسد 2012ء میں چند ماہ کیلئے صدر بشارالاسد کے وزیراعظم رہنے کے بعد منحرف ہوگئے تھے اور ڈسمبر میں اعلیٰ مذاکرات کمیٹی سے وابستگی اختیار کی تھی۔ حجاب ریاض کی زیرقیادت شامی اپوزیشن جماعتوں کا ایک گروپ سعودی عرب اور امریکہ کی تائید و مدد سے سعودی دارالحکومت ریاض میں تشکیل دیا تھا۔ شام اور اس کے سیاسی و فوجی حلیف ملک روس نے اعلیٰ مذاکرات کمیٹی میں مسلح اپوزیشن گروپوں کی شمولیت پر سخت اعتراض کیا ہے کیونکہ ان میں چند سخت گیر اسلامی گروپس بھی شامل ہیں جنہیں دہشت گردوں کی حیثیت سے دیکھا جاتا ہے۔ ان میں ایک مسلح باغی گروپ جندالاسلام کے رکن محمد علوش بھی شامل ہیں۔ وہ اعلیٰ مذاکرات کمیٹی کے برائے نام سربراہ ہیں اور بات چیت کیلئے پیر کو جنیوا پہنچ چکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT