Tuesday , August 22 2017
Home / عرب دنیا / شامی حکومت اب بھی کیمیائی جنگ کی صلاحیت رکھتی ہے: ترکی

شامی حکومت اب بھی کیمیائی جنگ کی صلاحیت رکھتی ہے: ترکی

انقرہ ۔ 11 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاویش اوغلو نے کہا ہے کہ شامی حکومت کے پاس ابھی تک کیمیائی اسلحہ موجودد ہے۔ “ہماری تحقیقات کا نتیجہ اس بات کا غماز ہے کہ شامی حکومت اب تک کیمیائی جنگ کی صلاحیت رکھتی ہے۔ چاویش اوغلو نے یہ بات زور دے کر کہی کہ ایسے اقدامات اٹھائے جائیں کہ جن کی وجہ سے شام اس کیمیائی صلاحیت کے استعمال کے قابل نہ رہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اٹلی سے ترکی کے سرکاری ٹی وی چینل ٹی آر ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایک سوال کے جواب میں ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ شام میں عبوری حکومت از حد ضروری ہے اور بشار الاسد کی ایوان اقتدار میں موجودگی سے کیمیائی اسلحہ کے خطرے کی تلوار سروں پر منڈلاتی رہے گی۔مولود چاویش اوغلو گذشتہ ہفتے ادلب کے نواحی قصبے خان شیخوں پر بشار الاسد حکومت کے کیمیائی حملے پر ردعمل ظاہر کر رہے تھے۔ شامی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے خان شیخون بلدیہ پر بمباری کی جس میں خیال ظاہر کیا جا رہا کہ ان میں کیمیائی تابکاری مواد موجود تھا جس کی زد میں آ کر دسیوں افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا ترک حکومت ایک ماہ قبل شام میں ہونے والی فائر بندی پر ابھی تک کاربند ہے، تاہم روس کو اس بات پر اصرار سے گریز کرنا چاہئے کہ بشار الاسد کا شامی اقتدار میں رہنا ناگزیر ہے۔اپنے اخباری بیان میں مولود چاویش اوغلو نے مزید کہا کہ میں نے اپنے روسی ہم منصب سے کہا ہے کہ شام میں فائر بندی کی خلاف ورزیاں روکنے کے لئے ماسکو نے ضروری اقدام نہیں اٹھائے۔
شام کے فوجی ہوائی اڈے پر
امریکہ کے حملے سے تباہی کا تخمینہ
واشنگٹن، 11اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شام کے فوجی ہوائی اڈے پر امریکی کروز میزائل حملے میں شام کے آپریشنل طیارے کا تقریبا ً20 فیصد حصہ خراب یا تباہ ہو گیا۔امریکہ کے وزیر دفاع جم میٹس نے آج ایک بیان میں یہ بات کہی۔مسٹر میٹس کے مطابق امریکی فوج کی جانب سے گزشتہ ہفتے کئے گئے اس حملے میں فوجی ہوائی اڈے کے ایندھن کے ذخیرہ کرنے والے علاقے اور فضائی حملے کرنے والے ہتھیاروں کو بھی نقصان پہنچا۔مسٹر میٹس نے اپنے بیان میں کہا کہ اس حملے کی وجہ شامی حکومت نے شیرات فیلڈ پر دوبارہ ایندھن بھرنے اور پھر سے ہتھیار لگانے کی صلاحیت کھو دی ہے ۔امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ شامی حکومت کو دوبارہ کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کا مشورہ دیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT