Saturday , July 22 2017
Home / دنیا / شامی فوجی اڈے پر امریکی حملے کی حمایت:خلیج تعاون کونسل

شامی فوجی اڈے پر امریکی حملے کی حمایت:خلیج تعاون کونسل

دبئی۔ 8 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) خلیجی ممالک کی مشترکہ تنظیم خلیج تعاون کونسل نے شام میں بشارالاسد حکومت کی طرف سے شہریوں کے خلاف کیمیائی حملے کے جواب میں امریکی فوجی کارروائی کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی میزائل حملہ بشارالاسد کو خان شیخون میں جنگی جرائم کے ارتکاب پر عبرت دلانے کیلئے کیا گیا۔خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر عبدالطیف بن راشد الزیانی نے ایک بیان میں کہا کہ کونسل کے تمام رکن ممالک شام میں بشار الاسد کے ایک فوجی اڈے پر امریکی حملے کی حمایت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ امریکی میزائل حملہ عالمی سطح پر ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں کے ذریعے شہریوں کے قتل عام کے بعد بشار الاسد کو عبرت دلانے کیلئے کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بشار الاسد نے وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں سے نہتے شہریوں کا قتل عام کرکے سنگین جنگی جرم کا ارتکاب کیا ہے۔ خلیج تعاون کونسل شام میں جاری جنگی جرائم، قتل وغارت گری کی روک تھام، مشرق وسطیٰ میں دیر پا قیام امن کے لیے جاری کوششوں کی حمایت کرتی ہے اور ساتھ ہی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ مل کر شام میں سیاسی استحکام اور بے گھر ہونے والے شامی شہریوں کی وطن واپسی اور بحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کو تیار ہے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT