Saturday , October 21 2017
Home / دنیا / شام میں امریکہ کے تعاون سے ترکی کی فوجی مداخلت کا امکان

شام میں امریکہ کے تعاون سے ترکی کی فوجی مداخلت کا امکان

واشنگٹن۔ 2 جنوری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک امریکی ادارے نے امکان ظاہر کیا ہے کہ رواں سال 2016ء میں ترکی واشنگٹن کی معاونت سے شمالی شام میں دولت اسلامی ’داعش‘کے جنگجو اور کردوں کی توسیع پسندی روکنے کے لئے اپنی فوجیں شام میں اتارنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق ’’گلوبل انٹیلی جنس فاؤنڈیشن اسٹریٹجک فارکاسٹنگ‘‘اسٹارٹ فار نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ ترکی شام میں اپنی فوج اتارنے کا ارادہ رکھتا ہے ، انقرہ کے اس اقدام پر واشنگٹن بھی اس کی ہر ممکن معاونت کرے گا۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران شام کے تنازعہ کے حوالے سے ترکی ایران کے مقابلے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ ماسکو اور انقرہ کے درمیان جاری سرد جنگ میں بھی کمی کا کوئی امکان موجود نہیں ہے اسٹارٹ فار کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 2016ء میں ترکی اپنی حدود سے آگے نکل کر شام میں کارروائی کرے گا۔ ترکی شمالی شام میں داعش کی توسیع پسندی روکتے ہوئے ان علاقوں میں کردوں کی کنٹرول کو وسعت دینے کیلئے موثر کوششیں کرے گا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امکان ہے کہ امریکی نائب صدر جو بائیڈن رواں جنوری میں انقرہ کے دورے پر آئیں گے جہاں وہ صدر رجب طیب ایردوآن اور وزیراعظم احمد داؤد اوگلو سے بھی ملاقات کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں شام میں ترک فوج کی ممکنہ مداخلت پر بھی بات چیت کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT