Thursday , October 19 2017
Home / عرب دنیا / شام میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر فرانس کی بمباری

شام میں دولت اسلامیہ کے ٹھکانوں پر فرانس کی بمباری

رقہ ۔ 16 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ فرانس کے جنگی طیاروں نے اتوار کو شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانے موقوعہ رقہ پر بمباری کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق اس مہم میں دس جنگی طیاروں نے حصہ لیا اور اپنے اہداف پر 20 بم گرائے۔ وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ جن اہداف کو نشانہ بنایا گیا جن میں ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر اور ایک تربیتی مرکز شامل ہیں۔ ان حملوں سے قبل امریکہ کے قومی سلامتی کے نائب مشیر بین رہوڈز نے کہا تھا کہ فرانس امریکہ کے تعاون سے شام اور عراق میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف فضائی حملوں میں تیزی لائے گا۔ اتوار کو ترکی میں جی 20 اجلاس کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکہ فرانس کے ساتھ خفیہ معلومات کے تبادلے کے لیے مل کر کام کرے گا۔ خیال رہے کہ فرانس کی جانب سے یہ حالیہ بمباری پیرس میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں 129 افراد کی ہلاکت کے بعد کی گئی ہے۔جمعہ کی شب چھ مقامات پر خودکش حملوں اور فائرنگ کی ذمہ داری خود کو ’دولتِ اسلامیہ‘ کہلانے والی شدت پسند تنظیم نے ہی قبول کی تھی۔ حملوں کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے دولت اسلامیہ نے ایک بیان میں خبردار کیا تھا کہ ’فرانس اور وہ ممالک جو اس کے نقشِ قدم پر چل رہے ہیں انھیں معلوم رہے کہ وہ دولت اسلامیہ کے اہداف میں سرِفہرست ہیں۔‘ بیان میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ ’پیرس پر حملہ ایک طوفان کا آغاز ہے اور سننے اور سمجھنے والوں کے لیے ایک تنبیہ ہے۔‘ تاہم اس موقع پر فرانسیسی صدر اور وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ ان کا ملک شام میں شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنارہے گا۔

TOPPOPULARRECENT