Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / شام میں کار بم دھماکہ، 16 ہلاک، 100 زخمی

شام میں کار بم دھماکہ، 16 ہلاک، 100 زخمی

بیروت۔12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) وسطی شام کے شہر حمص میں حکومت کے زیر کنٹرول ایک علاقہ میں ہوئے ایک کاربم دھماکہ میں کم سے کم 16 افراد اور دیگر درجنوں زخمی ہوگئے۔ سرکاری خبررساں ادارہ ’سانا‘ نے توثقی کی کہ 16 ہلاکتوں کے علاوہ 100 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں موجود اپوزیشن کے حامی شامی مبصر ادارہ برائے انسانی حقوق نے کہا ہے کہ درجنوں افراد زخمی ہوئے ہیں، 16 مہلوکین میں ایک فوجی کرنل ایک ملازم پولیس اور ایک خاتون بھی شامل ہے۔ حمص کے گورنر طلال براضی نے کہا کہ مہلوکین میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ کم سے کم 15 زخمیوں کا دواخانہ میں علاج کیا جارہا ہے۔ اس دھماکہ سے چند دن قبل اپوزیشن کے زیر قبضہ آخری طاقتور گڑھ وعیر سے سینکڑوں باغیوں اور ان کے افراد خاندان کا انخلاء عمل میں آیا تھا۔ مبصر ادارہ نے کہا کہ زہرہ ٹائون میں ایک ہسپتال کے قریب یہ دھماکہ ہوا جس کے نتیجہ میں وہاں گہرا کھڈ پڑ گیا۔ اطراف کی دوکانات، گھروں اور وہاں موجود گاڑیو ں کو زبردست نقصان پہنچا۔ شمالی شہر عطارب میں روسی جنگی طیاروں نے آج باغیوں کے ٹھکانوں کو فضائی حملوں کا نشانہ بنایا جس میں 10 افراد ہلاک ہوئے۔ شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف مارچ 2011 سے جاری بیرونی تائید یافتہ اپوزیشن کی مہم اور خانہ جنگی کے نتیجہ میں تاحال 2,50,000 شامی ہلاک، 10 لاکھ زخمی اور 15 لاکھ بے گھر ہوگئے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT