Saturday , September 23 2017
Home / Top Stories / شام میں کار بم دھماکہ 43 ہلاک

شام میں کار بم دھماکہ 43 ہلاک

بیروت ۔7جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی سرحد کے قریب واقع شامی شہر اعزاز میں ہفتے کو ہوئے ایک بم دھماکے میں کم از کم 43  افراد ہلاک ہو گئے ۔ شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے مطابق باغیوں کے زیرقبضہ علاقے میں ہونے والے اس بم حملے میں درجنوں افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کار بم حملہ علاقے کی ایک مصروف مارکیٹ میں ہوا۔ آبزرویٹری کا کہنا ہے کہ بعض زخمیوں کی حالت نازک ہے، جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ اسی علاقے میں گزشتہ برس نومبر میں ہوئے ایک کار بم حملے میں 25 افراد مارے گئے تھے۔باغیوں نے اس حملے کیلئے آئی ایس کو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ جہادی گروپ اس وقت صوبہ حلب میں بعض مقامات پر سرگرم ہیں اور وہ سابق میں بھی اعزاز پر پیشرفت کی کوشش کرچکا ہے ۔ یہ دھماکہ ایسے وقت ہوا جبکہ سارے ملک شام میں جنگ بندی کے تعلق سے غیریقینی کیفیت پائی جاتی ہے ۔ موجودہ حکومت کی حلیف روس اور ترکی کی پشت پناہی کے حامل باغیوں کے مابین طئے پائی معاملت میں آئی ایس کو یا پھر سابق القاعدہ سے ملحق فتح الشام فرنٹ کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ شام میں مارچ 2011 ء میں شروع ہوئے مخالف حکومت مظاہروں کے بعد سے جاری لڑائی میں اب تک 3,10,000 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT