Wednesday , June 28 2017
Home / Top Stories / شام پر مز ید فضائی حملے کرنے امریکہ کا انتباہ

شام پر مز ید فضائی حملے کرنے امریکہ کا انتباہ

ٹرمپ نے فوجی کارروائی کا مشاہدہ کیا ، بحران کو حل کرنے کیلئے بین الاقوامی برادری اپنی کوششیں تیز کرے ، روس اور ایران پر نکی ہیلی کی تنقید
واشنگٹن۔ 8 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) اقوامِ متحدہ میں امریکہ کی مستقل مندوب نکی ہیلی نے خبردار کیا ہے کہ ضرورت پڑی تو ان کا ملک شام میں بشارالاسد حکومت  کی تنصیبات پر مزید حملوں کیلئے بھی تیار ہے۔ا اقوامِ متحدہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر نے گذشتہ رات شامی فوج کے ایک ہوائی اڈے پر امریکہ کے میزائل حملوں کا دفاع کیا۔امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال پر امریکہ اب مزید خاموش تماشائی نہیں رہ سکتا اور ان ہتھیاروں کو روکنا واشنگٹن کے اپنے ’’وسیع تر مفاد‘‘ میں ہے۔انھوں نے کہا کہ امریکہ نے گزشتہ رات کافی سوچ سمجھ کر یہ قدم اٹھایا ہے اور اگر ضرورت پڑی تو ان کا ملک شام میں مزید کارروائیوں کیلئے بھی تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام کے صدر بشارالاسد کی حکومت اور ان کے اتحادی اب تک شام کے بحران کے سیاسی حل کی کوششوں کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری ان کوششوں کو آگے بڑھائے۔نکی ہیلی نے بشار الاسد کے دو بڑے اتحادیوں روس اور ایران پر زور دیا کہ وہ شامی حکومت کا محاسبہ کریں اور جنگ بندی کی شرائط پر اس سے عمل کرائیں۔

سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس کونسل کے رکن ملک بولیویا کی درخواست پر شامی اڈے پر امریکی میزائل حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتِ حال پر غور کیلئے بلایا گیا تھا۔ اس موقع پر بولیویا کے سفیر نے شام میں امریکی فوجی کارروائی کی مخالفت کی اور کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے شام میں قیام امن کیلئے جاری کوششیں متاثر ہوسکتی ہیں۔اس موقع پر برطانوی سفیر ماتھیو رایکروفٹ نے کہا کہ اپنے عوام پر کیمیائی ہتھیاروں سے حملہ کرنے والا بشار الاسد جنگی مجرم ہے اور روس اس جنگی مجرم کا دفاع کررہا ہے۔ انہوں نے بولیویا کے سفیر کی امریکی حملے پر تنقید مسترد کردی اور کہا کہ برطانیہ شام میں امریکی فوجی کارروائی کا حامی ہے۔ بشار الاسد نے جس طرح کے وحشیانہ جرائم کا ارتکاب کیا ہے اس کے بعد خاموش رہنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوامِ متحدہ میں روس کے نائب سفیر ولادی میر سیفرونکوو نے امریکی حملے کو ’’کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی‘‘ قرار دیتے ہوئے اس پر شدید احتجاج کیا۔

شامی ہوائی اڈے پر میزائل حملوں کا حکم صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے شام میں باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقے پر مبینہ طور پر شامی فوج کے کیمیائی حملے کے ردِ عمل میں دیا تھا۔امریکی حکام کے مطابق مذکورہ ہوائی اڈہ شام کے شمالی صوبے ادلب کے علاقے خان شیخون میں کیے جانے والے کیمیائی حملے کے لیے استعمال کیا گیا تھا اور علاقے پر کیمیائی بم برسانے والے شامی فضائیہ کے جہاز اسی ہوائی اڈے سے اڑے تھے۔ اس حملے میں 85 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے جب کہ زہریلی گیس سے متاثرہ عورتوں اور بچوں سمیت 350 سے زائد شامی شہری شام اور ترکی کے مختلف اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں۔امریکی صدر کی جانب سے جوابی کارروائی کی ہدایات کے بعد بحیرہ احمر میں تعینات امریکی بحریہ کے دو جنگی جہازوں نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب شام کے مغربی صوبے حمص میں واقع شعیرات نامی اس ہوائی اڈے پر 59 ٹام ہاک میزائل برسائے تھے۔اس دوران وہائٹ ہاؤس کے سرکاری ترجمان شون اسپائسر نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی اولین تصویر جاری کی ہے جس میں امریکی صدر شامی حکومت کے عسکری ٹھکانے پر امریکی میزائل حملوں کی کارروائی دیکھتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

 

شام پر نئی پابندیوں کی امریکی منصوبہ بندی کا اعلان
فلوریڈا۔ 8 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے ملک شام میں بشارالاسد حکومت پر نئی اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کا اعلان کیا ہے۔ امریکی وزیرخزانہ اسٹیف منوچین نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت جلد ہی نئی اقتصادی پابندیوں کا اعلان کریگی۔فلوریڈا میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران وزیر خزانہ نے بتایا کہ شام میں نہتے شہریوں کے خلاف مہلک کیمیائی گیس کے استعمال کے جواب میں شامی حکومت کے خلاف اقتصادی پابندیوں کی ایک نئی فہرست تیار کی جارہی ہے۔

 

شام میں امریکی حملہ ،ٹرمپ کا شاہ سلمان سے رابطہ
دبئی ۔ 8 اپریل۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ٹیلیفون پر رابطہ کر کے انہیں شام میں امریکہ  کے میزائل حملے کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔العربیہ کے مطابق شاہ سلمان نے امریکی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خطے اور دنیا بھر کے مفاد میں ہے۔اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے علاوہ خطے اور عالم کی صورت حال بھی زیر بحث آئی۔اس سے قبل سعودی وزارت خارجہ کے ذرائع نے امریکی فوجی کارروائیوں کیلئے مملکت سعودی عرب کی مکمل تائید کا اظہار کیا ۔ یہ امریکی کارروائی شامی حکومت کی جانب سے بے قصور شہریوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار کے استعمال کیے جانے کے بعد کی گئی۔ کیمیائی حملے میں درجنوں افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے جن میں عورتیں اور بچے شامل ہیں۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT