Sunday , October 22 2017
Home / شہر کی خبریں / شان اقدس ؐمیں گستاخی کے خلاف احتجاجی ریالی ، گجرات کی ملعون خاتون کی گرفتاری کا مطالبہ

شان اقدس ؐمیں گستاخی کے خلاف احتجاجی ریالی ، گجرات کی ملعون خاتون کی گرفتاری کا مطالبہ

حیدرآباد۔21ستمبر(سیاست نیوز) شان اقدس ﷺ میں گستاخی کے خلاف پرانے شہر میں سنی یونائیٹڈ فورم کی جانب سے احتجاجی ریالی کا اہتمام کیا گیا جو کہ قادری چمن سے نکالی گئی اور پرانی حویلی میں موجود ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون کے دفتر پہنچی جہاں شاتم رسول اوشا ڈانگر کے خلاف فورم کی جانب سے تحریری شکایت درج کروائی گئی اور ڈپٹی کمشنر آف پولیس کی جانب سے فوری کاروائی کرتے ہوئے چارمینار پولیس اسٹیشن کے حدود میں ایک مقدمہ درج کرنے کی ہدایت دی گئی اور ڈی سی پی ساؤتھ زون مسٹر ستیہ نارائنہ نے بتایا کہ شان رسالت میں گستاخی کی مرتکب اوشا کی گرفتاری کیلئے فوری خصوصی ٹیم تشکیل دیتے ہوئے گجرات روانہ کردیا گیا ہے۔ہزاروں نوجوانوں پر مشتمل احتجاجی ریالی جو کہ مولانا سید شاہ اولیاء حسینی مرتضی پاشاہ کی زیر قیادت نکالی گئی تھی۔ اس احتجاجی ریالی میں کئی مشائخین عظام موجود تھے جنہوں نے ڈی سی پی کے دفتر پہنچ کر شکایت حوالے کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آقائے نامدار حضرت محمد مصطفی ﷺ کی شان اقدس میں گستاخی کی مرتکب ملعون کو فوری گرفتار نہیں کیا جاتا ہے تو ایسی صورت میں احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔ڈی سی پی کو سنی یونائیٹڈ فورم کی جانب سے مولانا سید اولیاء حسینی قادری مرتضیٰ پاشاہ ‘ مولانا سید آل مصطفی قادری علی پاشاہ اور حافظ مظفر حسین خان نے تحریری شکایت حوالے کی ۔قادری چمن سے شروع ہونے والی اس احتجاجی ریالی کے دوران جانثاران رسول ﷺ نے اپنے ہاتھوں میں احتجاجی نعروں پر مشتمل بیانر تھامے ہوئے تھے جس پر گستاخ اوشا کو پھانسی دینے کا مطالبہ تحریر تھا اور چند نوجوانوں کے ہاتھوں میں موجود پلے کارڈس پر ’’ گستاخ رسول ؐ کی ایک سزاء ‘ سر تن سے جدا ۔ سر تن سے جدا‘‘ کے نعرے تحریر کئے گئے تھے۔ڈی سی پی نے بتایا کہ سوشل میڈیا بالخصوص فیس بک اور واٹس ایپ پر وائرل اس گستاخانہ ویڈیو کلپ کا مشاہدہ کرنے کے بعد فوری اس سلسلہ میں مذہبی منافرت پیدا کرنے کا ایک مقدمہ درج کرلیا گیا اور راجکوٹ (گجرات) سے تعلق رکھنے والی اس خاتون کی فوری گرفتاری کو ممکن بنانے کیلئے خصوصی ٹیم کی روانگی عمل میں لائی گئی ہے۔مولانا سید اولیاء حسینی قادری مرتضیٰ پاشاہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئے دن اس طرح کی گستاخیاں ناقابل برداشت ہونے لگی ہیں اور حکومت سے مطالبہ کیا جاتا ہے کہ اس طرح کی کسی بھی گستاخی کو فوری روکنے کیلئے سخت قانون سازی کی جائے کیونکہ محسن انسانیتؐ کی شان میں کی جانے والی کسی بھی گستاخی کو قطعی برداشت نہیں کر سکتے اور عدم کاروائی پر احتجاج میں شدت پیدا کی جائے گی۔

TOPPOPULARRECENT