Saturday , September 23 2017
Home / شہر کی خبریں / شاہراہوں پر 108 اور 104 خدمات کو مؤثر بنانے کی ہدایت

شاہراہوں پر 108 اور 104 خدمات کو مؤثر بنانے کی ہدایت

موسم گرمی میں ہنگامی طبی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ، کے سی آر کا خطاب
حیدرآباد 12 اپریل (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 104 اور 108 خدمات کا چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ نے آج تفصیلی جائزہ لیا اور ہنگامی نوعیت کی ان خدمات کو ریاست بھر میں وسعت دینے اور سڑک حادثات میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر امداد بہم پہونچانے کیلئے مؤثر و مثبت اقدامات کرنے کے لئے چیف منسٹر کے وزیر صحت لکشما ریڈی کو ہدایات دیں۔ بالخصوص موسم گرما کے دوران قومی شاہراہوں پر ایمبولینس خدمات اور ہنگامی طبی سہولتوں کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ علاوہ ازیں 104 اور 108 سرویسس میں خدمات انجام دینے والے ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرنے کے مسئلہ پر اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ تبادلہ خیال کرکے ہمدردانہ فیصلہ کرنے کی وزیر صحت کو چیف منسٹر نے ہدایات دیں۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہاکہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے تک ایک لاکھ آبادی کے تناسب سے 108 سرویسس کی جملہ 312 ایمبولینس گاڑیاں پائی جاتی تھیں۔ لیکن تلنگانہ حکومت نے ہر 75 ہزار آبادی کے تناسب سے ایک 108 ایمبولنس سرویس مہیا کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے اس بات کا اجلاس میں اعلان کیا اور بتایا کہ اس فیصلہ کی روشنی میں مزید 169 نئی ایمبولنس گاڑیوں کا اضافہ کیا گیا۔ جبکہ فی الوقت 145 ایمبولنس سرویسس دستیاب ہیں۔ چیف منسٹر نے کہاکہ 108 سرویس میں مزید بہتری پیدا کرنے کے لئے حکومت کی جانب سے درکار مدد و رقومات بہرصورت مہیا کرنے کے لئے تیار ہے۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر کہاکہ دیہی علاقوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کو قریبی شہری علاقوں میں قیام کرنے کی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت دیں اور ڈاکٹروں کو بھی حکم دیا کہ وہ بہرصورت اوقات پر سختی کے ساتھ عمل آوری کریں۔ علاوہ ازیں شہر حیدرآباد کے چاروں سمت عصری سہولتوں سے آراستہ سوپر اسپیشالٹیز سہولتوں کے حامل دواخانوں کی تعمیر کے لئے فی الفور اراضیات کی نشاندہی کرنے کا وزیر صحت کو مشورہ دیا۔ انھوں نے کہاکہ ریاست کے سالانہ بجٹ میں شعبہ صحت و طبابت کے لئے کافی رقومات مختص کی گئی ہیں۔ چیف منسٹر نے اہم شاہراہوں پر ٹروما کیر سنٹرس کا فوری طور پر قیام عمل میں لانے کی اعلیٰ عہدیداروں کو سخت ہدایات دیں۔

TOPPOPULARRECENT