Tuesday , September 26 2017
Home / Top Stories / شاہ سلمان کی مصر کے پہلے تاریخی دورے پر قاہرہ آمد

شاہ سلمان کی مصر کے پہلے تاریخی دورے پر قاہرہ آمد

قاہرہ ۔ 7 اپریل (سیاست ڈا ٹ کام) سعودی عرب کے فرمانروا شاہسلمان بن عبدالعزیز آل سعود آج جمعرات کو مصر کے اپنے پہلے دورے پر قاہرہ پہنچ گئے جہاں وہ مصر کے صدر فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی سے تفصیلی ملاقات کریں گے۔ دوسری جانب مصری حکومت نے معزز مہمان کے استقبال کے لیے غیر معمولی انتطامات کیے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایک سال پیشتر اقتدار سنبھالنے کے بعد شاہ سلمان کا مصر کا یہ پہلا دورہ ہے۔ شاہ سلمان کے دورہ مصر کے دوران قاہرہ اور ریاض کے درمیان دو طرفہ تعاون کے کئی معاہدوں کی منظوری کے ساتھ ساتھ اسٹریٹیجک شراکت آگے بڑھانے سے بھی اتفاق کیا جائے گا۔ مصرمیں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی آمد کے لیے سرکاری سطح پر غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ان کے دورے کوغیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ گذشتہ روز مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے قاہرہ میں ایک نیوز کانفرنس کے دوران شاہ سلمان کے متوقع دورے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خلیج اورسعودی عرب کی قومی سلامتی مصر کی قومی سلامتی کا حصہ ہے۔ خیال رہے کہ شاہ سلمان ایک ایسے وقت میں مصر کے دورے پر آرہے ہیں جب خطے اورعالمی سطح پر جاری سیاسی تبدیلیوں اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کا دائرہ وسعت اختیار کررہا ہے۔ مبصرین کے خیال میں شاہ سلمان کے دورہ مصر سے عرب ممالک کے درمیان سیکیورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون کوفروغ دینے میں مدد ملے گی۔ شاہ سلمان کی مصری صدر کے ساتھ ہونے والی تفصیلی ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ، یمن میں آئینی حکومت کی بحالی کے لیے جاری آپریشن، شام، عراق، لبنان کی صورت حال، ایران کی عرب ملکوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت، لیبیا کی بنتی بگڑتی سیاسی و سیکیورٹی صورتحال، مصر اور سعودی عرب کے درمیان اتحاد کو مزید منظم کرنے بالخصوص ’شمال کی گرج‘ مشقوں کے بعد مسلمان ممالک کے درمیان عسکری تعاون کے فروغ جیسے موضوعات پرتبادلہ خیال کیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT