Thursday , August 17 2017
Home / شہر کی خبریں / شاہ علی بنڈہ تا چارمینار سڑک پر آٹو داخلہ پر پابندی ، تاجرین مسائل کا شکار

شاہ علی بنڈہ تا چارمینار سڑک پر آٹو داخلہ پر پابندی ، تاجرین مسائل کا شکار

دیگر مقامات پر بھی پابندیاں ، ٹریفک مسائل کو حل کرنے پولیس کی مساعی

حیدرآباد۔25ڈسمبر(سیاست نیوز) شاہ علی بنڈہ سے چارمینار جانے والی سڑک پر آٹو کے داخلہ پر عائد کردہ پابندی سے شاہ علی بنڈہ تا چارمینار کے تاجرین کو مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ ٹریفک پولیس کی جانب سے چارمینار کے قریب آٹو کے داخلہ پر پابندی عائد کردی تھی اور اب اس پابندی کے دائرے کو مزید توسیع کے بعد حالات میں مزید بگاڑ پیدا ہونے لگا ہے۔ تاجرین جو کرنسی تنسیخ کے سبب مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں ان تاجرین کو اب گاہک کیلئے بھی انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔ شاہ علی بنڈہ سے چارمینار جانے والے راستے پر آٹو کا داخلہ بند کرتے ہوئے شاہ علی بنڈہ سے چارمینار کی سمت جانے والے آٹو کو ہری باؤلی بیلہ کی جانب موڑ دیا جا رہا ہے یا انہیں شاہ علی بنڈہ نئی روڈ کی جانب رخ موڑنا پڑ رہا ہے۔ شاسی طرح مدینہ بلڈنگ سے چارمینار کی سمت جانے والے آٹو کاہائی کورٹ یا دیوان دیوڑھی کی جانب رخ موڑدیا گیاہے جس کی وجہ سے مدینہ بلڈنگ تا شاہ علی بنڈہ براہ چارمینار جو تاجرین ہیں ان کے کاروبار متاثر ہونے لگے ہیں ۔ محکمہ ٹریفک پولیس اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی تجاویز کے بعد کئے گئے اس فیصلہ کے متعلق عہدیداروں کا کہنا ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ ٹریفک کی آمد و رفت میں ہونے والی خلل اندازی کو دور کیا جا سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ محکمہ ٹریفک پولیس نے چارمینار کے دامن میں اور اس اہم سڑک پر کئی مقامات پر بے ہنگم آٹو پارکنگ کے سبب یہ سخت فیصلہ کیا ہے لیکن تاجرین کا کہنا ہے کہ آٹو پارکنگ میں کی جانے والی بے قاعدگیوں کو دور کرنے کیلئے تاجرین کو نقصان نہیں پہنچایاجانا چاہئے۔ عام طور پر گاہک اپنی مطلوبہ دکانات کے قریب تک آٹو میں پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس طرح آٹو کا اس اہم سڑک پر داخلہ بند کیا جانا مناسب نہیں ہے کیونکہ اس سے نہ صرف علاقہ کی سیاحتی اہمیت متاثر ہوگی بلکہ علاقہ کے تاجرین کو بھی نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مقامی تاجرین اس بات کا بھی اعتراف کر رہے ہیں کہ کچھ آٹو ڈرائیورس کی بے ہنگم پارکنگ اور سڑک پر کی جانے والی من مانی سے عوام اور راہرؤوں کو بھی تکالیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اس اہم سڑک پر پہنچنے والے دیگر راستوں کے ذریعہ آٹو مکہ مسجد‘ گلزار حوض اور چارمینار یونانی دواخانہ تک پہنچنے میں کامیاب ہو رہے ہیں لیکن اندرون چند یوم ان سب روڈ پر بھی رکاوٹیں کھڑی کرتے ہوئے چارمینار کے قریب پہنچنے والی سڑکوں پر آٹو کا داخلہ بند کردیا جائے گا۔

TOPPOPULARRECENT