Saturday , October 21 2017
Home / دنیا / شراب نوشی کیلئے نیپال کی سرحد میں داخل ہونے والے بہاری شہری گرفتار

شراب نوشی کیلئے نیپال کی سرحد میں داخل ہونے والے بہاری شہری گرفتار

کھٹمنڈو ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کی ریاست بہار سے تعلق رکھنے والے تقریباً 70 ہندوستانیوں کو اس وقت گرفتار کرلیا گیا جب وہ سرحدپار کرکے نیپال کی حدود میں آ کر گذشتہ ایک ماہ سے مختلف شراب خانوں میں نشہ کررہے تھے کیونکہ ریاست بہار میں شراب بندی کا نفاذ ہوچکا ہے۔ اس دوران روتاہت ڈسٹرکٹ پولیس آفس (DPO) نے بتایا کہ سرحد سے قریب واقع مکانات میں تلاشی کے سلسلہ میں اضافہ کیا گیا ہے اور تلاشی مہم کے دوران ہی مختلف نیپالی مواضعات میں واقع شراب خانوں سے 70 ہندوستانی شہریوں کو شراب پیتے ہوئے گرفتار کیا گیا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ریاست بہار میں شراب پر امتناع کے نفاذ کے ساتھ ہی ہندوستانی شہریوں نے نیپال کا رخ کرنا شروع کردیا تھا کیونکہ ریاست بہار کے کچھ مقامات ایسے ہیں جہاں سے بہ آسانی نیپال میں داخل ہوسکتے ہیں۔ تمام گرفتار شدگان پر فی کس 1000 روپئے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا اور ان سے ایک حلفنامہ پر دستخط لیتے ہوئے انہیں بعدازاں رہا کردیا گیا۔ حلفنامہ میں ان سے لکھوایا گیا کہ وہ دوبارہ نیپال کا رخ نہیں کریں گے۔ یاد رہیکہ ہندوستان کی ریاست بہار میں 5 اپریل سے شراب بندی کا نفاذ عمل میں آ چکا ہے اور شراب کے عادی لوگ ادھر ادھر پریشان مارے مارے پھر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT