Saturday , October 21 2017
Home / کھیل کی خبریں / شرجیل، سمیع ورلڈ ٹی ٹوئنٹی،ایشیا کپ میں شامل

شرجیل، سمیع ورلڈ ٹی ٹوئنٹی،ایشیا کپ میں شامل

کراچی ؍ لاہور ، 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سوپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیلئے شاندار سنچری بنانے والے شرجیل خان اور محمد سمیع کو ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا جبکہ خالد لطیف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) کے اعلامیے کے مطابق شرجیل خان اور محمد سمیع کو رومان رئیس اور بابر اعظم کے زخمی ہونے کے باعث اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بابر اعظم کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق 3 سے 4 ہفتے آرام کی ضرورت ہے جبکہ رومان رئیس بھی مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور صحت یاب ہونے میں کچھ وقت لگے گا۔ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے کوچ وقاریونس اور کپتان شاہد آفریدی سے مشاورت کے بعد پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دونوں کھلاڑیوں کو بابر اعظم اور رومان رئیس کے متبادل کے طورپر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور ایشیا کپ کے اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس 8 مارچ تک ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے اسکواڈ میں تبدیلی کا موقع تھا جس کواستعمال کرنے کا فیصلہ ہوا

اور ساتھ ہی یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ خالد لطیف کو پی ایس ایل میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر افتخار احمد کی جگہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا جائے۔ خالد لطیف کو کچھ وجوہات کی بنا پر ایشیا کپ کاحصہ نہیں بنا یا جاسکتا مگر وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔ پاکستانی ٹیم میں جگہ بنا نے والے سمیع نے پی ایس ایل میں مسلسل متاثر کن کھیل پیش کیا اور کراچی کنگز کے خلاف ایونٹ کے دوسرے پلے آف میں پانچ وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی تیسرے پلے آف میں رسائی یقینی بنائی۔ اسی طرح شرجیل کی بھی لیگ میں کارکردگی کافی معیاری رہی اور انہوں نے پشاور زلمی کے خلاف دوسرے پلے آف میں پی ایس ایل کی تاریخ کی پہلی سنچری بنا کر اپنی ٹیم کی فائنل تک رسائی کیلئے راہ ہموار کی۔ شرجیل خان ایک سنچری اور ایک نصف سنچری کی مدد سے ایونٹ کے دس میچوں میں 287 رنز بنا کر لیگ کے تیسرے کامیاب ترین بلے باز ہیں جبکہ وہ اب تک ٹورنمنٹ میں سب سے زیادہ 18 چھکے لگا چکے ہیں۔ ایشیا کپ کیلئے پاکستانی ٹیم دبئی سے براہ راست بنگلہ دیش روانہ ہو گی جہاں پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 27 فروری کو روایتی حریف ہندوستان سے کھیلے گا۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا آغاز 8 مارچ کو کوالیفائر مرحلے سے ہوگااور پاکستان کا پہلا میچ 15 مارچ کو کوالیفائر ٹیم سے ہوگا۔

TOPPOPULARRECENT