Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / شرجیل کو مبینہ دھمکیاں، پی سی بی کا تحقیقات کا حکم

شرجیل کو مبینہ دھمکیاں، پی سی بی کا تحقیقات کا حکم

لاہور ، 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹر شرجیل خان کو موصولہ مبینہ دھمکیوں کے بارے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ جمعرات کو سوشل نٹ ورک پر نیشنل ٹیم کے رکن شرجیل نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا جس میں اُن کا کہنا ہے کہ انھیں دھمکی آمیز فون کالز موصول ہو رہی ہیں۔ شرجیل خان نے 2013ء میں اپنا انٹرنیشنل کریئر شروع کیا تھا اور وہ رواں سال ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی پاکستانی اسکواڈ کا حصہ تھے۔ شرجیل نے ویڈیو میں کہا :’’میں آج آپ سے یہ بات شیئر کرنا چاہتا ہوں کہ مجھے چند دنوں سے دھمکیاں مل رہی ہیں۔ مجھے دھمکیاں دینے والے لوگ مجھ سے پیسوں کا مطالبہ کر رہے ہیں، اور ایسا نہ کرنے کی صورت میں انھوں نے میری کچھ جعلی ویڈیوز سوشل میڈیا پر جاری کرنے کی دھمکی دی ہے۔ میں نے سوچا کہ میں آپ سب کو پہلے ہی اس بارے میں بتا دوں کہ جتنی بھی ویڈیوز جاری کی جائیں گی وہ سب جعلی ہیں۔‘‘ پاکستانی اوپنر شرجیل خان نے مزید کہا : ’’میں یہ آپ کو اس لئے بتا رہا ہوں کیونکہ یہ سب میرا امیج بگاڑنے کیلئے کیا جا رہا ہے۔‘‘ دریں اثناء ترجمان پی سی بی نے برطانوی نشریاتی ادارہ کو بتایا کہ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ سے نیشنل کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی شرجیل خان کو ملنے والی مبینہ دھمکیوں کی تحقیقات کرنے کیلئے کہہ دیا گیا ہے۔

TOPPOPULARRECENT