Tuesday , September 19 2017
Home / کھیل کی خبریں / شردل ٹھاکر ویسٹ انڈیز ٹور کیلئے ٹیم انڈیا میں نیا چہرہ

شردل ٹھاکر ویسٹ انڈیز ٹور کیلئے ٹیم انڈیا میں نیا چہرہ

دھونی زمبابوے میں لمیٹیڈ اوورز سیریز میں قیادت کریں گے ۔ نیشنل سلیکٹرز کا اعلان
ممبئی ، 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے نئے پیس بولر شردل ٹھاکر ہندوستان کے ٹسٹ اسکواڈ میں واحد نیا چہرہ ہے، جو ویسٹ انڈیز کا دورہ کرے گا، جبکہ نیشنل سلیکٹرز نے زمبابوے میں لمیٹیڈ اوورز سیریز کیلئے دوسرے درجہ کی ٹیم بھی منتخب کی، جس کی قیادت مہندر سنگھ دھونی کریں گے۔ 24 سالہ رائٹ آرم میڈیم پیسر شردل 17 رکنی اسکواڈ میں غیرمتوقع انتخاب ہے۔ اس سے ہٹ کر سلیکٹرز نے اُسی لائن اپ پر اعتماد ظاہر کیا جس نے آخری ٹسٹ سیریز وطن میں جنوبی افریقہ کے خلاف کھیلی تھی۔ ٹھاکر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں اُن کے پُراستقلال پرفارمنس کا انعام ملا ہے۔ انھوں نے ممبئی کیلئے 11 میچز میں 24.51 کے اوسط پر 41 وکٹیں حاصل کئے ہیں۔ اُن کا بہترین مظاہرہ 6/107 رہا۔ ورون آرن جو جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے دوران ٹیم کا حصہ تھے، ڈراپ کردیئے گئے کیونکہ دوبارہ فٹ محمد سمیع کی واپسی ہوئی ہے۔ اجنکیا رہانے ٹسٹ اسکواڈ کے وائس کیپٹن رہیں گے۔ آل راؤنڈر اسٹوارٹ بنی اس ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنے میں کامیاب رہے، جس کا اعلان نئے بی سی سی آئی سکریٹری اجئے شِرکے نے یہاں منعقدہ سلیکشن کمیٹی میٹنگ کے بعد کیا ہے۔ ویراٹ کوہلی زیرقیادت ٹسٹ ٹیم میں ویٹرنس جیسے گوتم گمبھیر، ہربھجن سنگھ اور یوراج سنگھ کو بھی جگہ نہ ملی حالانکہ جاریہ انڈین پریمیر لیگ میں اُن کے مظاہرے معقول رہے ہیں۔ دورۂ ویسٹ انڈیز وسط جولائی میں چار ٹسٹ میچز پر مشتمل ہے مگر اس سیریز کی قطعی تواریخ کو قطعیت دینا ہنوز باقی ہے۔ سلیکشن پیانل کے سربراہ سندیپ پاٹل نے میڈیا کو بتایا: ’’کسی کو آرام نہیں دیا گیا ہے۔ کسی نے بھی بی سی سی آئی کو تحریری طور پر یا ٹیلی فون کے ذریعے اطلاع نہیں دی کہ وہ دستیاب نہیں یا انھیں آرام دینا چاہئے۔ سلیکشن کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ زمبابوے کیلئے نوجوان ٹیم منتخب کی جائے اور ویسٹ انڈیز کیلئے دیگر ٹیم ہو۔‘‘ کوہلی کو زمبابوے کے خلاف لمیٹیڈ اوورز سیریز سے آرام دیا گیا، جو 11 تا 20 جون منعقد ہوگی۔ زمبابوے کیلئے نوجوان ٹیم میں ودربھ کے لیفٹ ہینڈ اوپنر فیض فضل، آف اسپنر جیئنت یادو، پنجاب کے مڈل آرڈر بیٹسمن مندیپ سنگھ اور آئی پی ایل اسٹار یوزویندر چاہل نئے کھلاڑیاں ہیں۔

TOPPOPULARRECENT