Thursday , October 19 2017
Home / سیاسیات / شردپوار کے ’گویند باغ‘ میں ارون جیٹلی کی مہمان نوازی

شردپوار کے ’گویند باغ‘ میں ارون جیٹلی کی مہمان نوازی

پرتکلف ضیافت اور رات کا قیام، سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں
بارہ متی 17 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے مرد آہن اور این سی پی کے سربراہ شردپوار نے اپنے آبائی مقام بارہ متی میں وزیر فینانس ارون جیٹلی کی پرتکلف ضیافت کی جس کے ساتھ ہی سیاسی حلقوں میں زبردست قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں۔ شردپوار نے آٹھ ماہ قبل وزیراعظم نریندر مودی کو بھی بارہ متی کے دورہ کی دعوت دی تھی۔ ارون جیٹلی نے آج بارہ متی اور پونے میں کئی تقاریب میں شرکت کی۔ انھوں نے شردپوار کے پرشکوہ فارم ہاؤز ’گویند باغ‘ میں رات کا قیام کیا جہاں کل پوار نے پرتکلف ڈنر بھی دیا تھا۔ بی جے پی اور اس کی حکومت میں شامل حلیف جماعت شیوسینا کے ساتھ بگڑتے ہوئے تعلقات کے پس منظر میں اس نئی سیاسی پہل کو نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔ گزشتہ سال منعقدہ اسمبلی انتخابات میں سب سے بڑی جماعت کی حیثیت سے اُبھرنے والی بی جے پی کے لئے شردپوار کی این سی پی نے غیر مشروط تائید کی تھی۔ فروری کے دوران شردپوار نے بارہ متی میں مودی کے ساتھ شہ نشین پر اپنی موجودگی سے یہ تاثر دیا کہ بی جے پی اور این سی پی کے درمیان اختلافات کی یکسوئی کی جارہی ہے اور دونوں جماعتیں گزشتہ سال کی تلخ انتخابی مہم کے بعد ایک دوسرے کے قریب ہورہی ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران نریندر مودی نے پوار کی این سی پی کو ’’نیچرل کرپٹ پارٹی‘‘ قرار دیا تھا لیکن فروری میں پوار کی دعوت پر بارہ متی کے دورہ کے دوران مودی نے اپنا انداز یکلخت بدلتے ہوئے پوار کی خوب مداح سرائی کی تھی اور انھیں ایک تجربہ کار رہنما قرار دیا تھا۔

TOPPOPULARRECENT