Sunday , August 20 2017
Home / سیاسیات / شردیادو راجیہ سبھا میں جے ڈی یو لیڈر کے عہدہ سے برطرف

شردیادو راجیہ سبھا میں جے ڈی یو لیڈر کے عہدہ سے برطرف

نئی دہلی ۔ /12 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جے ڈی (یو) کے ارکان راجیہ سبھا نے آج شردیادو کو ایوان میں اس پارٹی کے لیڈر کے عہدہ سے ہٹادیا ۔ یادو نے بہار میں اپنی پارٹی کی بی جے پی سے مفاہمت کے فیصلے کی مخالفت کی تھی ۔ جے ڈی (یو) ارکان راجیہ سبھا میں آر سی پی سنگھ کو اپنا لیڈر منتخب کرلیا ہے ۔ ان ارکان نے راجیہ سبھا کے صدرنشین ایم وینکیا نائیڈو سے ملاقات کی اور آر سی پی سنگھ کے تقرر کا مکتوب ان کے حوالہ کیا ۔ سنگھ جو بہار کے چیف منسٹر نتیش کمار کے قریبی اور بااعتماد رفیق کار ہیں راجیہ سبھا میں اپنی پارٹی کے 10 ارکان کے لیڈر ہوں گے ۔ اس پارٹی نے گزشتہ رات اپنے ایک رکن راجیہ سبھا انور علی کو برطرف کردیا تھا ۔ کیونکہ انہوں نے کانگریس کی صدر سونیا گاندھی کی طرف سے طلب کردہ اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس میں شرکت کی تھی ۔ نتیش نے آر جے ڈی اور کانگریس سے تعلقات منقطع کرلیا تھا جس کے بعد شردیادو سے ان کے اختلافات پیدا ہوگئے تھے ۔ یادو نے جو بہار کے دورہ پر ہیں کہا تھا کہ وہ خود کو ہنوز آر جے ڈی اورکانگریس کے ساتھ بنائے گئے عظیم اتحاد کا حصہ تصور کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا تھا کہ جے ڈی (یو) صرف نتیش کمار کی ہی نہیں بلکہ ان کی جماعت بھی ہے ۔ شردیادو نے یہ دعویٰ بھی کیا تھا کہ ان کے ساتھ حقیقی جے ڈی (یو) ہے جبکہ نتیش کے ساتھ سرکاری جے ڈی (یو) ہے ۔
وزیراعظم کے نام عطیات کی وصولی ، ہاؤزنگ سوسائیٹی کے خلاف سی بی آئی کا مقدمہ
نئی دہلی ۔ /12 اگست (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی کے نام پر عطیات کی مبینہ وصولی پر سی بی آئی نے ہاؤزنگ سوسائیٹی کے ایک گروپ کے خلاف ایف آئی آر درج کی ہے ۔ سی بی آئی نے اپنے اس ایف آئی آر میں دعویٰ کیا کہ فریدآباد میں رجسٹر شدہ یہ سوسائیٹی ’’نریندر مودی وچار منچ ‘‘ کے وزیراعظم سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ایف آئی آر نے الزام عائد کیا کہ ’’اس تنظیم کے صدر جے پی سنگھ چند نامعلوم افراد کے ساتھ وزیراعظم ہند کے نام کا بیجا استعمال کرتے ہوئے غیر قانونی طریقہ اور دھوکہ بازی سے عوام سے عطیوں کا مطالبہ کرتے ہوئے یہ عطیات جمع کررہا تھا ‘‘ ۔ جے پی سنگھ ایک ویب سائیٹ www.nmvmindia.org قائم کررکھا تھا جس میں وزیراعظم مودی کی تصویر دکھائی گئی تھی ۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ’’اس ویب سائٹ میں مذکورہ ادارہ کے صدر کی حیثیت سے جے پی سنگھ کی تصویر بھی شامل تھی ‘‘ ۔ سنگھ اور چند غیر شناحت شدہ افراد کے خلاف مجرمانہ سازش اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔

 

 

TOPPOPULARRECENT