Friday , August 18 2017
Home / اضلاع کی خبریں / شرپسند عناصر پرامن فضا کو بگاڑنے کیلئے کوشاں

شرپسند عناصر پرامن فضا کو بگاڑنے کیلئے کوشاں

ہنمکنڈہ میں احتجاجی ریلی سے ڈاکٹر انیس صدیقی اور دیگر کا خطاب
ہنمکنڈہ /25 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اخلاق احمد کے قتل اور شملہ کے نعمان اور دیگر دلتوں کے قتل اور زندہ جلادنے کے واقعات کو لے کر آج ہنمکنڈہ میں ایک پرامن احتجاجی ریلی کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس پرامن ریلی میں ہنکنڈہ کے ہیومن رائٹ فورم، شانتی سنگم، ایس آئی او، ایم پی جے، طلبہ تنظیم، ادیبوں، شعراء اور دیگر سیکولر تنظیموں نے شرکت کی۔ یہ ریلی امبیڈکر چوک سے شروع ہوکر شہید مینار پر اختتام پزیر ہوئی۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بی راجو اور ڈاکٹر انیس صدیقی نے کہا کہ ہندوستان ایک سیکولر ملک ہے،  تاہم جب سے بی جے پی حکومت بنی ہے تشدد پسند افراد ہندوستان کی ہر ریاست میں شر پھیلاکر عوام کو خوف زدہ کر رہے ہیں اور دہشت کا ماحول بنانے کی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اتر پردیش میں شک کی بنیاد پر اخلاق احمد کو، شملہ میں نوجوان نعمان کو اور ہریانہ میں دلت بچوں کو قتل کیا گیا، لیکن ہندوستان میں سیکولر ذہن کے حامل افراد کی تعداد زیادہ ہے، جب کہ چند فرقہ پرست عناصر ملک کی فضا خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تاہم وہ اپنے منصوبہ میں کامیاب نہیں ہوسکتے۔ انھوں نے کہا کہ اس ملک میں ہر مذہب و فرقہ کے لوگ اپنے اپنے مذہب کے ساتھ پرسکون ماحول میں زندگی گزارنا چاہتے ہیں، لہذا ہندوستان کی حکومت کو فوری حرکت میں آتے ہوئے فرقہ پرستوں کے ارادوں کو کچل دینا چاہئے اور ہندوستان کی پرامن فضا کو بگڑنے سے بچانا چاہئے۔ یہ ذمہ داری حکومت پر ہے کہ وہ اس ملک میں رہنے والے ہر شہری کو پر امن فضا فراہم کرے۔ اگر اسی طرح انتشار پھیلتا رہا تو ملک کی ترقی رک جائے گی اور ملک کی معاشی حالت بگڑ سکتی ہے۔

TOPPOPULARRECENT