Sunday , September 24 2017
Home / کھیل کی خبریں / ششانک منوہربلامقابلہ چیئرمین آئی سی سی منتخب

ششانک منوہربلامقابلہ چیئرمین آئی سی سی منتخب

دبئی ، 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سابق سربراہ ششانک منوہر بلا مقابلہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے پہلے آزاد چیئرمین منتخب ہوگئے ہیں۔ آئی سی سی کے قواعد میں حالیہ اصلاحات کی رو سے منوہر ایک آزاد امیدوار کی حیثیت سے چیئرمین کے عہدہ کیلئے سامنے آئے، یعنی کسی ملک سے اُن کے تعلق کا اظہار نہ ہو۔ منوہر کو دیانت دار اور شفاف کردار کا حامل منتظم مانا جاتا ہے۔ انہوں نے انڈیا میں کرکٹ کنٹرول کرنے والے طاقتور ترین ادارہ بی سی سی آئی کے سربراہ کی حیثیت سے دو روز قبل ہی استعفیٰ دیا تھا تاکہ دو سال کیلئے آئی سی سی کا انتظام کار سنبھال سکیں۔ منوہر نے آئی سی سی کے نئے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ منوہر سے قبل ہندوستان کے این سرینواسن بھی آئی سی سی چیئرمین رہ چکے ہیں۔ تاہم سرینواسن کو کرپشن کے الزامات کے بعد عہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ آئی سی سی کے نئے سربراہ نے اپنے پیغام میں کرکٹ کی روایات کا پاس رکھنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کھیل کے مستقبل کیلئے کام کرنے کی خواہش کا تذکرہ کیا ہے۔ خیال رہے کہ دوسری مرتبہ انڈین کرکٹ بورڈ کے صدر بننے والے جگموہن ڈالمیا کے انتقال کے بعد اکٹوبر 2015ء میں منوہر کو بی سی سی آئی کا نیا صدر منتخب کیا گیا تھا۔ تاہم دو روز قبل اپنے استعفے کے بعد انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ہر کوئی جانتا ہے کہ بی سی سی آئی کے صدر کا عہدہ دنیا میں کتنا طاقتور اور کیا اہمیت رکھتا ہے، اگر میں آئی سی سی چیئرمین شپ کی کوششیں کر رہا ہوتا تو پھر یہ عہدہ کیوں چھوڑتا۔ آئی سی سی نے رواں برس فروری میں اعلان کیا تھا کہ نیا چیئرمین آزاد ہو گا اور وہ منوہر اور سرینواسن کی طرح اپنے بورڈ میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکے گا۔

TOPPOPULARRECENT