Wednesday , June 28 2017
Home / Top Stories / ششی کلا بالآخر بنگلور جیل میں قید، نئے چیف منسٹر کی حلف برداری پر تجسس

ششی کلا بالآخر بنگلور جیل میں قید، نئے چیف منسٹر کی حلف برداری پر تجسس

چینائی۔15 فبروری (سیاست ڈا ٹ کام) تاملناڈو میں تشکیل حکومت کے لیے کے پلانی سوامی کی طرف سے ادعا کی پیشکشی کے بعد نئے چیف منسٹر کی حلف برداری کے سوال پر اب تمام نظریں گورنر سی ایچ ودیاساگر رائو پر مرکوز ہوچکی ہیں۔ تاہم ودیا ساگر رائو نے تاحال کچھ نہیں کہا ہے۔ جنہیں اتحادی جنرل مکل روہتگی نے پیر کو مشورہ دیا تھا کہ اکثریت کے امتحان کے لیے اندرون ایک ہفتہ اسمبلی کا خصوصی سیشن طلب کیا جائے۔ انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا کے خلاف غیر متناسب اثاثوں کے مقدمہ پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے پیش نظر گورنر نے اپنا فیصلہ موخر کردیا تھا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ روز اپنے فیصلہ میں ششی کلا اور دیگر ملزمین کو جرم کے مرتکب قرار دیا تھا جس کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے ششی کلا کی امیدوں پر عملاً پانی پھر گیا تھا۔ نگران کار چیف منسٹر اوپنیرا سیلوم کو 10 ارکان پارلیمنٹ اور چند ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہوئی ہے لیکن ششی کلا اپنی پارٹی کے 124 ارکان کے منجملہ 120 کو اپنے ساتھ رکھنے میں کامیاب رہیں۔ پنیرا سیلوم کی اگرچہ اکثریت حاصل نہیں ہے جس کے باوجود انہوں نے اصرار کے ساتھ کہا ہے کہ اسمبلی میں وہ اپنی اکثریت ثابت کرسکتے ہیں۔ ششی کلا سزائے قید کی ماباقی مدت 3 سال 10 مہینے اور 27 دن کی تکمیل کے لے آج شام کرناٹک کی بنگلور جیل پہنچ گئیں۔ عدالت میں خود سپردگی سے قبل ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے ششی کلا نے اپنے دو قریبی رشتہ داروں ٹی ٹی وی دینا کرن اور ایس وینکٹیش کو پارٹی میں دوبارہ شامل کرتے ہوئے اہم عہدے دینے کا اعلان کیا حالانکہ انا ڈی ایم کے کی سابق سربراہ آنجہانی جیہ للیتا ان دونوں کو پارٹی سے خارج کی تھیں۔ انہوں نے اپنے بھتیجے دیناکرن کو انا ڈی ایم کے کا ڈپٹی جنرل سکریٹری مقرر کیا جس کے ساتھ ہی اس پارٹی کے سینئر لیڈر وی کروپا سوامی پانڈین نے احتجاج کرتے ہوئے پارٹی کے آرگنائزنگ سکریٹری کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا۔

 

ششی کلا اور پلانی سوامی کیخلاف مقدمہ، ارکان اسمبلی کو حبس بیجا میں رکھنے کا الزام
کانچی پورم۔/15فبروری، ( سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا انا ڈی ایم کے کی جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا اور لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ایڈاپڈیا پلانی سوامی کے خلاف پولیس نے اس ضلع کے ایک تفریحی مقام پر اس پارٹی کے ارکان اسمبلی کو حبس بیجا میں رکھنے کے الزامات کے تحت ایک مقدمہ درج کرلیا۔ مدورائی ( جنوب ) کے رکن اسمبلی ایس ایس سروانتی نے جو او پنیراسلوم کیمپ میں شامل ہوگئے ہیں ان دونوں کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی تھی۔ سراونتی نے گذشتہ روز دعویٰ کیا تھا کہ وہ بھیس بدل کر اس تفریحی مقام سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے تھے۔ ششی کلا 5فبروری کو انا ڈی ایم کے لیجسلیچر پاری کی لیڈر منتخب کی گئی تھیں ۔
جس کے دو دن بعد چیف منسٹر پنیرا سیلوم نے ان کے خلاف نعرہ بغاوت بلند کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ انھیں زبردستی اس عہدہ سے ہٹنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ جس کے بعد سے انا ڈی ایم کے میں ششی کلا کے حامی 129ارکان اسمبلی کو تفریح گاہ میں رکھا گیا تھا۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT