Sunday , April 30 2017
Home / Top Stories / ششی کلا کی اناڈی ایم کے ارکان اسمبلی کو متحد رکھنے کیلئے جدوجہد

ششی کلا کی اناڈی ایم کے ارکان اسمبلی کو متحد رکھنے کیلئے جدوجہد

ریزارٹ میں دوسرے دن بھی ملاقات ، یرغمال بنائے رکھنے کی تردید ، پنیر سیلوم کو 10 ارکان پارلیمنٹ کی تائید

چینائی ۔ /12 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) اناڈی ایم کے جنرل سکریٹری وی کے ششی کلا کو 10 ارکان پارلیمنٹ کا انحراف کرتے ہوئے حریف او پنیرسیلوم کیمپ میں شامل ہونے کے بعد تمام ارکان کو متحد رکھنے کیلئے کافی جدوجہد کرنی پڑرہی ہے ۔ انہوں نے پارٹی ارکان اسمبلی کو ریزارٹ میں یرغمال بنائے رکھنے کا الزام مسترد کردیا ۔ ششی کلا کو اس وقت نگرانکار چیف منسٹر پنیرسیلوم سے شدید لڑائی کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اناڈی ایم کے ارکان اسمبلی اپنی مرضی سے ریزارٹ میں قیام کئے ہوئے ہیں اور وہ پوری طرح آزاد ہیں ۔ اس کے برعکس پنیرسیلوم نے دعویٰ کیا کہ ان ارکان اسمبلی کو مرضی کے خلاف ریزارٹ میں رکھا گیا ہے اور انہیں ہراساں کیا جارہا ہے ۔ پنیر سیلوم نے تمام ارکان اسمبلی کی رہائی کا مطالبہ کیا ۔ ششی کلا نے ریزارٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ارکان اسمبلی کو یہ دھمکیاں موصول ہورہی ہیں کہ ان کے بچوں کا اغواء کرلیا جائے گا ۔ اس کے باوجود ارکان اسمبلی نے یہاں قیام کرنے کو ترجیح دی اور اپنے عزیز و اقارب کو بچوں کی حفاظت کی ذمہ داری سونپی ہے ۔ اس سے ارکان اسمبلی کی جاری تحریک سے وابستگی کا اظہار ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جن ارکان اسمبلی نے انحراف کیا اور سیاسی حریف جھوٹی افواہیں پھیلارہے ہیں کہ اناڈی ایم کے ارکان کو یرغمال بنالیا گیا ہے ۔

ششی کلا نے کہا کہ تمام ارکان اسمبلی فون پر ارکان خاندان سے ربط برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ قبل ازیں ششی کلا نے کہا تھا کہ سیاست میں کسی خاتون کا ہونا بہت مشکل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک عورت ہونے کی بنا انہیں دھمکیاں جارہا ہے لیکن وہ کسی طرح کا دباؤ قبول نہیں کریں گی ۔ پنیر سیلوم نے ششی کلا پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ مگر مچھ کے آنسو بہارہی ہیں ۔ انہوں نے تمام ارکان اسمبلی کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ۔ پنیر سیلوم نے کہا کہ پارٹی ارکان اسمبلی کو ان کے حلقوں میں جانے کا موقع دیا جانا چاہئیے تاکہ وہ عوام سے ملاقات اور ایک بہتر فیصلہ کرسکیں ۔ قبل ازیں پنیر سیلوم کو اس وقت مزید تقویت ملی جب 5 ارکان پارلیمنٹ نے ان سے وفاداری کا عہد کیا ۔ ارکان پارلیمنٹ کے انحراف اور تقریب حلف برداری کے تعلق سے غیریقینی حالات میں ششی کلا نے ریزارٹ میں موجود ارکان اسمبلی سے متواتر دوسرے دن بھی ملاقات کی ۔ششی کلا اب تک ارکان اسمبلی کو اپنے ساتھ رکھنے میں کامیاب رہی ہیں جبکہ منحرف ارکان پارلیمنٹ کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے ۔ 234 رکنی اسمبلی میں اناڈی ایم کے ارکان کی تعداد 134 ہے۔ پنیر سیلوم نے کہا کہ ریزارٹ میں موجود تمام 129 ارکان اسمبلی کو فوری رہا کیا جانا چاہئیے ۔ اس دوران ششی کلا اور پنیر سیلوم دونوں نے بھی گورنر سی ایچ ودیا ساگر کو 76 ویں سالگرہ پر مبارکباد دی ۔ ششی کلا نے توقع ظاہر کی کہ گورنر بہت جلد انہیں بحیثیت چیف منسٹر حلف دلائیں گے کیونکہ پارٹی ارکان اسمبلی کی انہیں بھرپور تائید حاصل ہے ۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT