Wednesday , October 18 2017
Home / شہر کی خبریں / شعبہ انجینئرنگ کی 770 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات

شعبہ انجینئرنگ کی 770 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات

درخواست پیش کرنے کی آخری تاریخ 3ستمبر۔اعلامیہ جاری
حیدرآباد۔ /19اگسٹ، ( سیاست نیوز) علحدہ ریاست تلنگانہ کا حصول اور حکومت تلنگانہ کی تشکیل کے بعد تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے مختلف مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے بالآخر راہ ہموار ہونے کے نتیجہ میں آج پہلی مرتبہ انجینئرنگ شعبہ کی 770 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن مسٹر جی چکرا پانی نے کمیشن کے فیصلہ سے واقف کروایا۔ اعلامیہ کی روشنی میں 770 جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ ایکزیکیٹو انجینئر جائیدادوں پر ملازمتوں کیلئے امیدواروں کو سیول انجینئرنگ گریجویٹ ڈگری کا حامل ہونا ضروری ہے۔ ان جائیدادوں کیلئے درخواست پیش کرنے کی آخری تاریخ 3ستمبر ہوگی، جائیدادوں پر تقررات کیلئے ٹسٹ منعقد ہوگا اور ٹسٹ کیلئے 500 نشانات رکھے گئے ہیں۔ تحریری امتحان کیلئے 450نشانات ہوں گے اور انٹرویو کے 50نشانات ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ ایکزیکیٹو انجینئرس ملازمتوں کیلئے ریاست کے چار مقامات حیدرآباد، ورنگل، کریم نگر اور کھمم میں آن لائن امتحان20 ستمبر کو منعقد کیا جائے گا۔ اگر ان جائیدادوں کیلئے 25ہزار سے زاید درخواستیں وصول ہونے پر آف لائن آن لائن میں امتحان منعقد کیا جائے گا۔ مسٹر چکرا پانی نے مزید بتایا کہ آئندہ ایک ہفتہ کے بعد اسسٹنٹ انجینئرس ملازمتوں کیلئے اعلامیہ جاری کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ جائیدادیں شعبہ جات سیول و میکانیکل میں اسسٹنٹ انجینئرس عہدوں کی ہوں گی جبکہ آئندہ ایک ہفتہ کے جاری ہونے والے اعلامیہ کے ذریعہ 3,783 مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ صدر نشین تلنگانہ اسٹیٹ بپلک سرویس کمیشن نے کہا کہ مزید تفصیلات کیلئے کمیشن کے ویب سائٹ www.tspsc.gov.in کا مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔

TOPPOPULARRECENT