Saturday , October 21 2017
Home / شہر کی خبریں / شعبہ عربی،عثمانیہ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی سمینار

شعبہ عربی،عثمانیہ یونیورسٹی میں دو روزہ بین الاقوامی سمینار

حیدرآباد ۔ 6 فبروری (پریس نوٹ) مخطوطات ہماری قومی وراثت ہیں۔ یہ کسی بھی زبان و علم کے راست ماخذات ہوتے ہیں۔ ان کی علمی و ادبی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔ نئی نسل کو اگرچہ اس کی اہمیت و خصوصیت سے کم واقفیت ہے لیکن ہند و عرب  تعلقات کے فروغ میں عربی مخطوطات نے اہم رول ادا کیا ہے۔ عموماً ہمیں مخطوطات کے مراکز اور ان میں رکھے گئے مختلف موضوعات پر مبنی مخطوطات کی فہرست ملتی ہے لیکن مخطوطات کے اندر لکھے گئے ادب کے بارے میں اکثر ہم ناواقف ہی رہتے ہیں۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے شعبہ عربی عثمانیہ یونیورسٹی نے دو روزہ بین الاقوامی سمینار بعنوان ’’دراسۃ عن المخطوطات العربیۃ فی لمکتبات الھندیۃ‘‘ کا اہتمام کیا ہے جو 10 اور 11 فبروری کو پروفیسر مہ جبین اختر ڈائرکٹر سمینار و صدر شعبہ عربی و ڈائرکٹر مائناریٹی سیل کی نگرانی میں منعقد ہوگا۔ ہندوستان کے تقریباً تمام یونیورسٹیوں سے اساتذہ اور پروفیسرس، خواتین و حضرات اس سمینار میں مختلف موضوعات پر اپنے مقالات پیش کریں گے و نیز ہندوستان کے تین اہم اور مشہور مخطوطات کے مراکز خدا بخش لائبریری پٹنہ ۔ رام پور رضا لائبریری اور ٹونک راجستھان لائبریری کے ریسرچ اسکالرس بھی اس میں شامل ہورہے ہیں۔ اس بین الاقوامی سمینار کا افتتاح 10 فبروری کو 10.30 بجے دن رجسٹرار عثمانیہ یونیورسٹی کریں گے۔ ہزایکسلینسی ڈاکٹر مازن المسعودی چیف عرب لیگ مشن آف عرب اسٹیٹ جناب علی مطشر علواش عراقی قونصلیٹ اور جناب محمد السائقلی وائس چیرمین انڈیا عرب فرینڈ شپ اسوسی ایشن فلسطینی مہمانان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ پروفیسر مسعود انور علوی صدر شعبہ عربی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی کا کلیدی خطبہ ہوگا۔ پرنسپل آرٹس کالج عثمانیہ یونیورسٹی افتتاحی جلسہ کی صدارت کریں گے۔ اس موقع پر شعبہ عربی کی جانب سے تین کتابوں کی رسم اجراء بھی عمل میں آئے گا۔

TOPPOPULARRECENT