Wednesday , August 16 2017
Home / کھیل کی خبریں / شعیب ملک کی ٹسٹ اسکواڈ میں بھی حیران کن شمولیت!

شعیب ملک کی ٹسٹ اسکواڈ میں بھی حیران کن شمولیت!

زمبابوے کیخلاف ٹی ٹوئنٹی اور ونڈے سیریز میں اچھی کارکردگی پر سلیکشن کمیٹی کا انعام
کراچی ، 6 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شعیب ملک کو انگلینڈ کے خلاف متحدہ عرب امارات میں کھیلی جانے والی ٹسٹ سیریز کیلئے حیران کن طور پر پاکستانی ٹیم میں 16 ویں کھلاڑی کے طور پر شامل کرلیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون رشید کا کہنا ہے کہ ٹیم منیجر انتخاب عالم نے ان سے درخواست کی تھی کہ شعیب ملک کو ان کی موجودہ ونڈے اور ٹی ٹوئنٹی کارکردگی کی بنیاد پر ٹسٹ ٹیم میں بھی شامل کیا جائے۔ چنانچہ سلیکشن کمیٹی نے شعیب کو ان کی موجودہ عمدہ فام اور آف اسپن بولنگ کی اضافی خوبی کے پیش نظر انگلینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ٹسٹ ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین میچ کی سیریز کا پہلا ٹسٹ 13 اکٹوبر سے ابوظہبی میں کھیلا جائے گا۔ شعیب کو ٹسٹ ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ اس لئے بھی حیران کن ہے کیونکہ چیف سلیکٹر ہارون رشید نے انگلینڈ کے خلاف ٹسٹ اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے یہ واضح طور پر کہا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف پریکٹس میچوں میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر دو لیفٹ آرم اسپنرز محمد اصغر یا گوہر ظفر میں سے کسی ایک کو 16 ویں کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ہارون نے یہی بات بلال آصف کے بارے میں بھی کہی تھی کہ مصباح الحق اور ٹیم مینجمنٹ کی مشاورت کے بعد یہ طے پایا ہے کہ اگر بلال نے متاثر کن بولنگ کی تو سولہویں کھلاڑی کے طور پر ان کی شمولیت پر بھی غور کیا جاسکتا ہے۔ لیکن آئی سی سی نے بلال کے بولنگ ایکشن پر اعتراض کیا ہے۔ شعیب ملک نے زمبابوے کے دورے پر کھیلے گئے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 35 اور 15 رنز بنائے جبکہ تین مقابلوں کی ونڈے سیریز میں انھوں نے 31، 96 ناٹ آؤٹ اور 34 ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلیں۔ شعیب نے 32 ٹسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔ تاہم انھوں نے اپنا آخری ٹسٹ پانچ سال قبل کھیلا تھا۔

TOPPOPULARRECENT