Sunday , August 20 2017
Home / Top Stories / شمالی میکسیکو کی جیل میں فساد ، 52 افراد ہلاک

شمالی میکسیکو کی جیل میں فساد ، 52 افراد ہلاک

مونٹیرے ۔ /11 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شمالی میکسیکو کی ایک جیل میں فساد کے دوران جو دو حریف گروہوں کی باہمی جھڑپ کا نتیجہ تھا 52 قیدی ہلاک اور دیگر 12 زخمی ہوگئے ۔ ریاستی گورنر نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک گروہ کی قیادت بدنام زمانہ زیٹاس منشیات مافیا کررہا تھا ۔ بچاؤ کارکنوں نے زخمی قیدیوں کو دواخانہ منتقل کیا ۔ فسادات اس وقت پھوٹ پڑے جب کہ پوپ فرانسیس 6 دن بعد اس قید خانے کا معائنہ کرنے والے ہیں جو سرحدی علاقہ پر واقع ہے ۔ عینی شاہدین کے بموجب 12.30 بجے شب قید خانے میں آگ لگ گئی ۔ دھماکوں کی آوازیں اور نعرے بھی سنائی دیئے ۔ دھنویں کا کثیف بادل اٹھتا ہوا نظر آیا ۔ کئی قیدی جلتی ہوئی چٹائیوں سے بچ کر باہر نکلنے کی کوشش کررہے تھے ۔ میکسیکو سرکاری قومی انسانی حقوق کمیشن کی 2013 ء کی رپورٹ کے بموجب میکسیکو کی جیلوں میں تشدد پھیلا ہوا ہے اور وسائل کے فقدان کی وجہ سے کرپشن کی علامتیں بھی نظر آتی ہیں ۔ گورنر نے کہا کہ دو حریف گروہوں کے درمیان بے رحم جھڑپ میں میں 52 قیدی ہلاک اور دیگر 12 زخمی ہوگئے ہیں ۔ یہ گزشتہ 25 سال کا بدترین واقعہ ہے ۔ چوکیداروں پر قیدیوں کی مدد کرنے کا الزام ہے جس کی وجہ سے وہ اتنے بڑے پیمانے پر فساد برپا کرنے میں کامیاب ہوئے ۔ قبل ازیں فبروری 2012 ء میں 44 قیدیوں کا قتل عام کیا گیا تھا اس وقت بھی چوکیداروں پر ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا ۔

TOPPOPULARRECENT