Tuesday , October 17 2017
Home / دنیا / شمالی کوریا میں امریکی طالب علم کو 15 برس کی سزا

شمالی کوریا میں امریکی طالب علم کو 15 برس کی سزا

سیول ، 16 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریا میں ایک امریکی طالب علم کو مملکت کے خلاف جرائم کے الزام کے تحت 15 سال قید بامشقت کی سزا سنا دی گئی ہے۔ اوٹو وارمبائر نامی اس طالب علم نے جنوری میں شمالی کوریا کے دورے کے دوران ایک ہوٹل سے پروپگنڈہ کیلئے استعمال ہونے والا سائن بورڈ چوری کرنے کی کوشش کی تھی۔ حراست میں لئے جانے کے بعد انھیں ٹی وی پر پیش کیا گیا تھا جہاں انھوں نے اعتراف کیا تھا کہ ایک چرچ گروپ نے انھیں دورۂ شمالی کوریا سے کوئی نشانی لانے کیلئے کہا تھا۔ اوٹو نے فروری کے آخر میں ایک پریس کانفرنس میں سائن بورڈ کی چوری کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دیا تھا۔ جنوبی کوریا میں میڈیا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا میں ماضی میں غیر ملکیوں کو دی جانے والی سزاؤں کے تناسب سے اوٹو کی 15 برس کی سزا بہت زیادہ ہے۔ ان کے مطابق یہ سختی امریکہ اور شمالی کوریا کے تعلقات کی موجودہ حالت کا نتیجہ بھی ہو سکتی ہے۔ شمالی کوریا کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے تاحال اوٹو وارمبائر کی سزا کے بارے میں کچھ نہیں کہا تاہم چین کی خبر رساں ایجنسی شن ہوا کے مطابق یہ سزا شمالی کوریا کی سپریم کورٹ نے سنائی ہے۔ 21 سالہ ورامبائر کو رواں برس 2 جنوری کو اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جو وہ شمالی کوریا سے واپس امریکہ جارہے تھے۔ ان پر ’ملک دشمن اقدامات‘ کا الزام لگایا گیا تھا۔ شمالی کوریا بسا اوقات غیر ملکیوں کو قید کرکے اسے اپنے حریفوں پر دباؤ ڈالنے کیلئے بھی بطور حربہ استعمال کرتا رہا ہے۔

TOPPOPULARRECENT