Thursday , September 21 2017
Home / دنیا / شمالی کوریا پر امریکہ کی نئی پابندیاں

شمالی کوریا پر امریکہ کی نئی پابندیاں

واشنگٹن ۔ 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر براک اوباما نے جمعرات کو شمالی کوریا کے حالیہ راکٹ کے تجربے کے بعد نئی پابندیاں لگانے کے بل پر دستخط کر دیے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ صدر براک اوباما نے کانگریس کی منظوری کے بعد اس بل پر دستخط کیے ہیں۔ امریکہ کی جانب سے عائد کی گئی پابندیوں کا اطلاق اْن افراد پر ہو گا جو پیانا یانگ کو اسلحہ فراہم کرتے اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنیسٹ کا براک اوباما کے اس قانون پر دستخط کرنے سے قبل کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ کو شمالی کوریا کی حالیہ کارروائیوں اور اشتعال انگیزی پر شدید تشویش ہے۔جوش ارنیسٹ کا کہنا ہے کہ امریکہ امید کرتا ہے کہ ان پابندیوں سے شمالی کوریا پر دباؤ بڑھانے میں مدد ملے گی۔ یہی وہ مقصد ہے جو کانگریس نے بتایا ہے اور یہی مقصد ہے جو ہم بتانا چاہتے ہیں۔ پابندیوں میں ایسے افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے جو بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تجارت یا اْس کے لیے مالی معاونت فراہم کریں، شمالی کوریا کے راکٹ پروگرام سے وابستہ ہوں، اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہوں۔ امریکہ کی نئی پابندیوں کا اطلاق منیشات کے اسمگلروں، انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں، پر تعیش اشیا درآمد کرنے والوں اور امریکہ کے سائبر سکیورٹی کو نقصان پہنچانے والوں پر بھی ہو گا۔ امریکی کانگریس جنوری میں شمالی کوریا کے جوہری تجربے کے بعد ہی سے پابندیاں سخت کرنے پر غور کر رہی تھی۔

TOPPOPULARRECENT