Thursday , August 17 2017
Home / دنیا / شمالی کوریا کے چھٹویں نیوکلیئر دھماکہ کے امکانات موجود

شمالی کوریا کے چھٹویں نیوکلیئر دھماکہ کے امکانات موجود

سیول ۔ 12 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے حکام نے تنبیہ کی ہے کہ شمالی کوریا ایک اور نیوکلیئر دھماکہ کرنے کے لیے کسی وقت بھی تیار ہو سکتا ہے۔ یاد رہے کہ گذشتہ جمعہ کو شمالی کوریا نے ایک کامیاب نیوکلیئر تجربہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا اور کہا تھا کہ یہ اس کا پانچواں نیوکلیئر تجربہ ہے۔ عالمی برادری اس وقت شمالی کوریا کے ان اقدامات کا موثر جواب دینے پر غور کر رہی ہے۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے ترجمان نے بتایا کہ نیوکلیئر دھماکے کی جائے وقوع پر ایک سرنگ ابھی استعمال نہیں ہوئی ہے اور اس میں چھٹا دھماکہ کیا جا سکتا ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز سیول سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق حکام کا کہنا تھا کہ اگر شمالی کوریا کی جانب سے نیوکلیئر حملہ کرنے کا کوئی اشارہ ملا تو ایسی صورت میں جنوبی کوریا کے پاس شمالی کوریا کو مکمل طور پر تباہ کرنے والا منصوبہ ہے۔ سرکاری خبر رساں ادارے یونہپ سے بات کرتے ہوئے عسکری ذرائع کا کہنا تھا کہ پیانگ یانگ کے چپے چپے کو مکمل طور ہر بیلسٹک میزائلوں اور بموں سے تباہ کر دیا جائے گا۔ امریکہ سمیت اقوام متحدہ، جاپان اور جنوبی کوریا شمالی کوریا کے خلاف پابندیاں عائد کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں جس کے جواب میں پیانگ یانگ نے پابندیوں کی اس تنبیہ کو بے معنی کہا۔ شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ یہ نیوکلیئر تجربہ ’ایک جدید اور حال ہی میں تیار کیے گئے نیوکلیئر وار ہیڈ‘ کا تھا اور اس نے اب بیلسٹک راکٹوں پر نیوکلیئر ہتھیار نصب کرنے کی صلاحیت حاصل کر لی ہے۔

TOPPOPULARRECENT