Sunday , August 20 2017
Home / ہندوستان / شمالی ہندوستانیوں کے خلاف مرکزی وزیر کا تبصرہ چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال کا اعتراض

شمالی ہندوستانیوں کے خلاف مرکزی وزیر کا تبصرہ چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال کا اعتراض

نئی دہلی ۔ 22 ۔ اکٹوبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج مرکزی وزیر کرن رجیجو کے اس تبصرہ پر تنقید کی کہ شمالی ہندوستانیوں کو قانون شکنی میں مزہ آتا ہے ۔ اور کہا کہ وہ ہندوستانیوں میں تفریق پیدا نہ کریں جب کہ موجودہ سیاست کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔ چیف منسٹر نے اپنے ٹوئٹر پر کہا کہ رجیجو صاحب برائے مہربانی ہندوستانیوں کو شمالی اور جنوبی ، ہند ۔ مسلم میں تقسیم نہ کریں ۔ تمام ہندوستانی اچھے ہیں اور ہمیں اس طرح کی سیاست کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے ۔ مملکتی وزیر خارجہ کرن رجیجو نے کل کہا تھا کہ وہ سابق لیفٹننٹ گورنر دہلی کے اس بیان سے اتفاق کرتے ہیں جنہوں نے یہ ریمارک کیا تھا کہ شمالی ہندوستانی قانون شکنی کو فخر تصور کرتے ہیں ۔ واضح رہے کہ دہلی کے ایک سابق لیفٹننٹ گورنر نے چند سال قبل یہ تبصرہ کیا تھا کہ شمالی ہندوستانیوں کو قواعد کی خلاف ورزی میں مزہ آتا ہے لیکن انہوں نے شام تک اس تبصرہ پر معذرت خواہی کرلی تھی ۔ تاہم مرکزی وزیر نے بتایا کہ میرے خیال میں لیفٹننٹ گورنر نے سچ کہا تھا ۔ اگرچیکہ انہوں نے سابق لیفٹننٹ گورنر کا نام نہیں لیا لیکن ریکارڈس سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تبصرہ دہلی کے سابق لیفٹننٹ گورنر تیجندر کھنہ نے کیا تھا جنہوں نے فبروری 2008 میں کہا تھا کہ شمالی اور مغربی ہندوستان کے لوگ قانون شکنی کو قابل افتخار تصور کرتے ہیں کیوں کہ ان کا یہ احساس ہے کہ کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی ۔

TOPPOPULARRECENT