Tuesday , August 22 2017
Home / شہر کی خبریں / شمس آباد ایرپورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل کی تیاریوں کا آغاز

شمس آباد ایرپورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل کی تیاریوں کا آغاز

17 اگست کو ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا دورہ
حیدرآباد ۔ 10۔ اگست (سیاست نیوز) حج 2016 ء کیلئے شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ پر خصوصی حج ٹرمنل کی تیاریوں کا آغاز ہوچکا ہے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی اعلیٰ عہدیداروں کے ہمراہ 17 اگست کو حج ٹرمنل کا دورہ کریں گے اور جی ایم آر کمپنی کے عہدیداروں کے ساتھ انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ اسپیشل آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جی ایم آر کے عہدیداروں نے گزشتہ سال کی طرح بہتر انتظامات کا تیقن دیا ہے اور حج ہاؤز میں چلنے والے حج کیمپ کیلئے وزن کرنے والی مشن فراہم کی جارہی ہے تاکہ عازمین حج کے سامان کے وزن کا تعین کیا جاسکے۔ انہوں نے بتایا کہ خصوصی حج ٹرمنل میں عازمین حج کیلئے سامان کی منتقلی اور دیگر کاموں میں اعانت کے سلسلہ میں والینٹرس اور حج کمیٹی کے ملازمین تعینات رہیں گے۔ حج کمیٹی کی نمائندگی پر جی ایم آر حکام نے ٹرمنل کے باہر بھی وزیٹرس کیلئے تمام ضروری سہولتیں فراہم کرنے سے اتفاق کیا ہے۔ جی ایم آر کی جانب سے حج ہاؤز میں ایکسرے اسکریننگ مشین فراہم کی جائے گی ۔ معائنہ کے موقع پر جی ایم آر کے علاوہ سی آئی ایس ایف کے اعلیٰ عہدیدار بھی موجود رہیںگے۔ ایر انڈیا اور دیگر متعلقہ سرکاری اداروںکے عہدیداروں کو بھی اس موقع پر شرکت کیلئے مدعو کیا جارہا ہے ۔ ایس اے شکور نے بتایا کہ ایرانڈیا کی جانب سے زم زم فراہم کیا جائے گا اور اسے ایرپورٹ پر محفوظ کرنے کے انتظامات کئے جائیں گے۔ حجاج کرام کی واپسی پر حج کمیٹی نے زم زم حوالے کرے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ عہدیداروں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ خاص طور پر عازمین حج کی روانگی کے دوران خوشبودار ٹشو پیپر کی سربراہی سے گریز کریں کیونکہ عازمین حج احرام کی حالت میں ہوتے ہیں اور ان کیلئے خوشبو سونگھنا بھی منع ہے ۔ سفر کے دوران طیارہ میں کھانے کا انتظام کیا جائے گا اور روانگی میں تاخیر کی صورت میں ایرپورٹ پر کھانا سربراہ کیا جائے گا۔ عازمین حج کے پہلے قافلہ کو 21 اگست کی رات ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی وداع کریں گے ۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر تیسرے قافلہ کی روانگی کے موقع پر موجود رہیں گے۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر چندرا بابونائیڈو اور دیگر وزراء کی شرکت بھی متوقع ہے۔ آندھراپردیش کے عازمین کی روانگی کے موقع پر آندھرائی قائدین موجود رہیں گے۔ اسی دوران 19 اگست سے شروع ہونے والے حج کیمپ کیلئے والینٹرس کا انتخاب کیا جارہا ہے۔ مختلف خدمات کیلئے مذہبی تنظیموں اور اداروں کے 200 سے زائد والینٹرس حج ہاؤز میں موجود رہیں گے۔ حج ہاؤز کی عمارت کی آہک پاشی کا کام شروع ہوچکا ہے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود ان کاموں کی راست طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔

TOPPOPULARRECENT