Tuesday , September 26 2017
Home / شہر کی خبریں / شمس آباد نام نہ رکھنے پر تلنگانہ تحریک طرز پر مزید ایک تحریک

شمس آباد نام نہ رکھنے پر تلنگانہ تحریک طرز پر مزید ایک تحریک

احتجاج شروع کرنے کا انتباہ، کُل جماعتی قائدین کا اعلان

شمس آباد۔ 10 اکتوبر (سیاست نیوز) شمس آباد میں کل جماعتی قائدین کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں تمام نے متفقہ طور پر اعلان کیا کہ شمس آباد ضلع نام نہ رکھنے پر تلنگانہ تحریک کے طرز پر ایک اور تحریک شروع کرنے کا انتباہ دیا۔ ڈاکٹر پریم راج بی جے پی اسٹیٹ ایگزیکٹیو ممبر نے کہا کہ شمس آباد میں حکومت کو جتنی اراضی کی ضرورت ہے اس سے دس گنا زیادہ اراضی ہے۔ اوٹر رنگ روڈ، پی وی نرسمہا راؤ ایکسپریس ٹرین، بس، کاروں اور دیگر تمام سہولیات موجود ہیں اور حکومت نے خود اعلان کیا تھا کہ شمس آباد ضلع بنایا جائے گا، لیکن جیسے ہی شمس آباد ضلع میں شاہ آباد کو شامل کیا گیا، شمس آباد کا نام تبدیل کردیا گیا۔ چیف منسٹر صرف اپنے چند قائدین کیلئے پورے شمس آباد کے عوام کے ساتھ کھلواڑ کررہے ہیں۔ چند خاندانوں کی خوشی کیلئے پوری عوام کے جذبات سے کھیلنا غلط ہے۔ جب تک شمس آباد ضلع نام نہیں رکھا جاتا ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔ علیحدہ تلنگانہ تحریک میں جس طرح کل جماعتی قائدین، سرکاری و خانگی ملازم، اسکولس و کالجس کے طلباء اور تمام مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد مل کر تحریک میں حصہ لیا تھا کل سے دوبارہ وہی منظر حکومت کو دیکھنا پڑے گا۔ وینو گوڑ کانگریس منڈل صدر نے کہا کہ کوئی بھی حکومت اعلانات دن کے اوقات میں کرتی ہے لیکن کے سی آر آدھی رات کو اعلان کرنے والے ہیں۔ رنگاریڈی ضلع کو تین حصوں میں تقسیم کرتے ہی ایک ضلع شمس آباد بھی بنایا گیا لیکن اچانک نام بھی تبدیل کرتے ہوئے چیف منسٹر نے عوام کو دھوکہ دیا۔ انہیں چاہئے کہ وہ پہلے عوام کی رائے حاصل کرنے کیلئے سروے کرواتے اور بعد میں ضلع کا نام رکھتے لیکن انہوں نے اپنی رکن پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی کو خوش کرنے کی غرض سے نام کو تبدیل کیا۔ گنیش گپتا تلگو دیشم اسٹیٹ آرگنائزنگ سیکریٹری نے کہا کہ شمس آباد میں سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ منظور ہوچکا ہے جس سے GO 111 کا کوئی عمل باقی نہیں رہتا۔ 120 ایکڑ اراضی میں سے 12 ایکڑ اراضی پر ہیڈکوارٹر تعمیر کرکے باقی اراضی کو سرسبز و شاداب کرتے ہوئے ماڈل ضلع کے ساتھ ماڈل ہیڈکوارٹر بنایا جاسکتا ہے۔ وینکٹیش گوڑ ٹی آر ایس قائدین نے کہا کہ ہمیں پوری امید ہے کہ رنگاریڈی ضلع کے بجائے شمس آباد ہی رکھا جائے گا جس کے لئے راجندر نگر رکن اسمبلی پرکاش گوڑ نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور کے ٹی آر سے ملاقات کرکے شمس آباد ضلع ہی بنانے کی نمائندگی کی تھی جس سے ہمیں امید ہے کہ ضلع کا نام شمس آباد ہی رہے گا۔ اس اجلاس میں شمس آباد سرپنچ راجا ملا سدیشور، سریکانت یادو MPTC ممبر، چندرا ریڈی، نجم الدین، موہن راؤ، محمد اکرم خان شفیق احمد، اجئے، کرشنا مدیراج کے علاوہ تمام طبقات کے قائدین بھی موجود تھے۔

TOPPOPULARRECENT