Sunday , August 20 2017
Home / شہر کی خبریں / شمس آباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ

شمس آباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ

عید ملاپ تقریب سے پرکاش گوڑ کا خطاب
شمس آباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز ) : شمس آباد میں تلگو دیشم پارٹی کے زیر اہتمام عید ملاپ تقریب منعقد کی گئی جس میں راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ نے مہمان خصوصی مخاطبت میں کہا کہ شمس آباد گنگا جمنی تہذیب کا گہوارہ ہے ۔ یہاں پر لوگ ایک دوسرے کے عید و تہواروں کے موقع پر مل کر عید کی خوشیاں مناتے ہیں ۔ مسلمان بھائی رمضان کے پورے مہینہ میں عبادت کرتے ہوئے روزہ رکھتے اور دعا کرتے ہیں جو کہ ایک مثال ہے ۔ بعد ازاں عید ملاپ تقریب منعقد کرتے ہوئے عام مذاہب کے لوگوں کو مدعو کیا جاتا ہے جو کہ ایک بہترین مثال ہے ۔ تمام مذاہب کے لوگوں کو آپس میں مل کر خوشیاں منانے سے خوشیاں دوبالا ہوجاتی ہے ۔ شمس آباد اے سی پی سدرشن نے کہا کہ رمضان میں مسلمان بڑے ہی احترام کے ساتھ روزہ رکھتے ہوئے عبادتوں میں مشغول رہتے ہیں اور پورے ماہ تمام چیزوں کو ترک کردیتے ہیں جو قابل مبارکباد ہیں ۔ رمضان میں جو بھی دعائیں کی گئی ہیں ان دعاؤں کو پورا ہونے کے لیے وہ بھی دعا کریں گے ۔ مسلمان بھائی ہر سال عید ملاپ تقریب مناتے ہوئے تمام مذاہب کے لوگوں کو دعوت دیتے ہیں یہ بھی ایک بہترین مثال ہے ۔ ہم سب ایک ہیں اور ہمیں اتحاد کے ساتھ رہتے ہوئے پورے ملک میں مثال قائم کرنے کی ضرورت ہے ۔ محمد جہانگیر خاں کوآپشن ممبر نے کہا کہ عیدین کے موقع پر ہندو بھائی عید کی خوشیوں میں شرکت کرتے ہیں اور دسہرہ اور گنیش تہوار کے موقع پر مسلمان ، ہندو بھائیوں کے ساتھ مل کر خوشیاں مناتے ہیں ۔ یہی ہماری تہذیب ہے ۔ خوشیوں کو ہمیشہ آپس میں بانٹنا چاہئے ۔ عید ملاپ تقریب میں راجندر نگر رکن اسمبلی ٹی پرکاش گوڑ ، شمس آباد اے سی پی سدرشن ، افتخار احمد شریف ، بی وینو گوپال ، تلگو دیشم جنرل سکریٹری ، گنیش گپتا ضلع تلگو یوتا صدر ، چندرا ریڈی منڈل صدر ، وینکٹیش گوڑ ٹاون صدر ، جہانگیر خاں کوآپشن ممبر ، گیانیشور یادو ایم ٹی پی سی ممبر ، ایوب حسین ، اجئے گرام پنچایت ممبرس کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے ۔ عید ملاپ تقریب منعقد کرنے پر پرکاش گوڑ نے محمد جہانگیر خاں اور ایوب حسین کو مبارکباد پیش کی اور تمام مہمانوں کی شال پوشی اور گلپوشی کی گئی ۔۔

TOPPOPULARRECENT