Thursday , October 19 2017
Home / اضلاع کی خبریں / شمع اردو اسکول عادل آباد کی خدمات کا اعتراف

شمع اردو اسکول عادل آباد کی خدمات کا اعتراف

کرسپانڈنٹ جناب محمد اخلاق کو تہنیت کی پیشکشی، جوگو رامنا کا خطاب
عادل آباد /6 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد میں اردو کو پروان چڑھانے میں شمع اردو اسکول کی نمایاں خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ریاستی وزیر مسٹر جوگو رامنا، ضلع کلکٹر ایم جگن موہن، عادل آباد کے رکن لوک سبھا جی ناگیش نے مستقر عادل آباد کے پی آر ٹی یو بھون میں کرسپانڈنٹ ربانی شمع اردو اسکول محمد اخلاق کی گلپوشی و شال پوشی کرتے ہوئے تہنیت پیش کی، جب کہ یہ تقریب عادل آباد کے خانگی مدارس انتظامیہ کی جانب سے سابق صدر جمہوریہ ہند آنجہانی ڈاکٹر رادھا کرشنن کے یوم پیدائش اور یوم اساتذہ کے موقع پر منعقد کی گئی تھی۔ اس موقع پر ریاستی وزیر جوگو رامنا نے اپنے خطاب میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرنے حکومت سنجیدہ ہے۔ تعلیمی پسماندگی دور کرنے کے لئے سرکاری مدارس کے علاوہ خانگی مدارس کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ دیگر زبانوں کے ساتھ ساتھ ریاست میں اردو زبان کو بھی کافی اہمیت حاصل ہے۔ مستقر میں زائد از 28 سالہ اردو کا قدیم ادارہ شمع اردو اسکول کی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ عادل آباد میں اردو اسکول کا قیام ایک ایسے وقت عمل میں لایا گیا، جب کہ دیگر زبانوں کے مدارس کا بول بالا تھا اور اردو تعلیم دلانے کے لئے اولیاء و سرپرست احساس کمتری کا شکار تھے۔ ان دنوں مسٹر محمد اخلاق نے اردو کی شمع روشن کی، جس کے پروانے آج ضلع کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی پائے جاتے ہیں۔ اس تقریب میں ڈاکٹر ایس وینو گوپال چاری، صدر نشین بلدیہ و صدر نشین ضلع پرجا پریشد شریمتی آر منیشا، شوبھا رانی، خانگی مدارس انتظامیہ صدر آر پون راؤ کے علاوہ سرکاری و غیر سرکاری عہدہ داروں اور اساتذہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔

TOPPOPULARRECENT