شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کی ہراسانی پر خاتون کی خودکشی

   

حیدرآباد /25 نومبر ( سیاست نیوز ) لڑکی کی خوبصورتی اس کی خودکشی کا سبب بن گئی ۔ شوہر کے شبہات اور زائد جہیز کے مطالبہ نے اس لڑکی کی جان لے لی ۔ میڑچل پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 5 ماہ کی دلہن نے کل رات پھانسی لیکر خودکشی کرلی ۔ شادی کے چند روز بعد ہی سے اس خاتون کو عجیب قسم سے ہراسانی کا سامنا تھا ۔ 19 سالہ سشمیتا کو اس کا شوہر وجیندر خوبصورتیکی بنیاد پر ہراساں کر رہا تھا ۔ خاتون بہت خوبصورت تھی اور یہ خوبصورتی شوہر کو کھٹکنے لگی ۔ ہر دن وجیندر اس کی بیوی سشمیتا سے سوال کرتا تھا کہ شادی سے قبل تیرے کتنے عاشق تھے ۔ تم اتنی خوبصورت ہو کہ تمہارے عاشق تو ضرور ہوں گے ۔ لڑکی بار بار انکار کرتی تھی اور شوہر کو ایسے سوال کرنے پر اعتراض کرتی تھی ۔ لیکن وہ ایسے سوالات سے باز نہیں آتا تھا ۔ بیوی کے بار بار اعتراض پر اس نے زائد جہیز کیلئے ہراسانی شروع کردی ۔ جس سے تنگ آکر سشمیتا نے کل رات خودکشی کرلی ۔ میڑچل پولیس کے مطابق اس لڑکی کو شادی کے وقت 6 تولہ طلائی زیورات ، تین لاکھ روپئے نقد رقم 150 گز اراضی و دیگر گھریلو سامان دئے گئے تھے ۔ میڑچل پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔