شوہر کی ہراسانی کا شکار بیوی کی خودکشی

   

حیدرآباد۔/14 فبروری، ( سیاست نیوز) شوہر کی مار پیٹ اور دوسری شادی کے ارادہ سے دلبرداشتہ ایک خاتون نے خودکشی کرلی۔ میاں پور پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں 23 سالہ رقیہ بیگم نے کل رات پھانسی لے کر خودکشی کرلی۔ رقیہ بیگم حفیظ پیٹ علاقہ کے ساکن محمد سہیل کی بیوی تھی ان کی شادی گزشتہ سال ہوئی تھی اورشادی کو ایک سال کا عرصہ بھی نہیں گذرا۔ پولیس میاں پور کے مطابق گزشتہ 2 ماہ سے سہیل بیوی کو ہراساں و پریشان کررہا تھا۔ سہیل کی بیوی نے شوہر کے سیل فون میں ایک لڑکی کی تصویر دیکھی اور شوہر سے وضاحت طلب کی اس بات پر برہم سہیل نے تصویر والی لڑکی سے شادی کا ارادہ ظاہر کیا اور بیوی کو شدید مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔ اس بات سے دلبرداشتہ خاتون نے کل رات خودکشی کرلی۔ پولیس میاں پور نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔