Wednesday , August 23 2017
Home / کھیل کی خبریں / شٹلر سندھو، ریسلر ساکشی کیلئے مزید انعامات

شٹلر سندھو، ریسلر ساکشی کیلئے مزید انعامات

جمناسٹ دیپا کا وطن واپسی پر والہانہ استقبال، تریپورہ میں کل تہنیت
نئی دہلی ، 20 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) اولمپکس میں انڈیا کی اولین سلور میڈلسٹ خاتون پی وی سندھو اور ریسلنگ کا تمغہ جیتنے والی پہلی خاتون ساکشی ملک کیلئے مختلف گوشوں سے انعام و اکرام اور تعریف و ستائش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جمناسٹکس میں ہندوستان کو بالکلیہ پہلی مرتبہ نمایاں کرنے والی دیپا کرماکر کی ریو گیمز سے آج وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔ حکومت دہلی نے آج سندھو کیلئے 2 کروڑ روپئے کیاش ایوارڈ اور برونز میڈلسٹ ساکشی کیلئے 1 کروڑ روپئے کے رقمی انعام کا اعلان کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیا نے ہریانہ کے روہتک میں آج صبح ساکشی کے والدین سے ملاقات کی اور دونوں کامیاب اولمپینس کیلئے ایوارڈ کا اعلان کیا۔ انھوں نے ساکشی کے والد سکھبیر ملک کیلئے پروموشن کی پیشکش بھی کی، جو دہلی ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں بس کنڈکٹر کی حیثیت سے کام کرتے ہیں۔ صدر آل انڈیا فٹبال فیڈریشن پرفل پٹیل نے بھی سندھو اور ساکشی کو ریو اولمپکس میں میڈلس جیتنے پر مبارکباد دی اور اُن کیلئے فی کس 5 لاکھ روپئے کے کیاش ایوارڈ کا اعلان کیا۔ پرفل نے ٹوئٹر پر تحریر کیا کہ اے آئی ایف ایف میڈیا انڈیا کیلئے فخریہ مظاہرہ کرنے پر کھیلوں کی برادری کی تائید و حمایت اور ان سے یگانگت کا اظہار کرتا ہے۔ ہم سندھو اور ساکشی کو فی کس 5 لاکھ روپئے کا انعام دیتے ہیں۔ دریں اثناء تریپورہ کی 23 سالہ جمناسٹ دیپا کی ریو گیمز سے وطن واپسی ہوئی۔ وہ خطرناک ایونٹ پروڈنوا والٹ میں محض 0.15 پوائنٹس کے فرق سے برونز میڈل جیتنے سے چوک گئی لیکن ایسے کھیل میں جہاں کبھی ہندوستانیوں نے کوئی نمایاں مظاہرہ پیش نہیں کیا تھا، اولمپک اسٹیج پر دیپا نے ملک کا نام روشن کیا ہے۔ حکومت تریپورہ نے 22 اگسٹ کو اگرتلہ میں دیپا کیلئے تہنیتی تقریب کا اعلان کیا ہے۔ چینائی میں چیف منسٹر ٹاملناڈو جیہ للیتا نے سندھو اور ساکشی کی خوب ستائش کی اور کہا کہ یہ اتھلیٹس عمدہ مثال ہیں کہ خواتین کیا کچھ کارنامہ انجام دے سکتی ہیں۔

TOPPOPULARRECENT