Wednesday , October 18 2017
Home / مذہبی صفحہ / شہادتِ حسینؓ کا پیغام

شہادتِ حسینؓ کا پیغام

مولانا سید احمد ومیض ندوی

ہر سال محرم الحرام کی آمد پر حضرت سیدنا حسین ص کی یاد تازہ ہوتی ہے، نواسۂ رسول ا، جگر گوشۂ نبی کی شہادت ، اسلامی تاریخ کا ایک ایسا عظیم واقعہ ہے کہ صدیوں اس کی یاد تازہ رہے گی اور انسانیت کے لئے مشعل راہ کا کام دے گی۔ اسلامی تاریخ کا ہر واقعہ اپنے اندر عبرت وموعظت کا بے پناہ سامان رکھتا ہے اور عملی زندگی میں اس سے بہت کچھ رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔حضرت سیدنا حسین ص کی شہادت اور کربلا کی سرزمین پر پیش آئے واقعات کا اگر بنظر غائر مطالعہ کیاجائے تو اس سے بے شمار نکات اخذ کئے جاسکتے ہیں، جن کے ذریعہ عملی زندگی میں بہت کچھ رہنمائی حاصل کی جاسکتی ہے۔

حضرت حسین ص کی شہادت کا سب سے بنیادی پیغام یہ ہے کہ آدمی کو حق اور دینِ حق سے اس درجہ وابستگی ہوکہ وہ حق کے لئے جان قربان کرنے سے بھی گریز نہ کرے اور اگر جان کی قربانی دے کر حق کی حفاظت کی جاسکتی ہو تو اس میں کسی طرح کا پس و پیش نہ کرے۔ یزید کی بیعت کے وقت جو صورتحال تھی اس سے صاف ظاہر ہورہا تھا کہ اسلامی نظام حکومت اپنی ڈگر سے ہٹ رہا ہے۔ نبی کریم ااور خلفائے راشدین کے دور میں خلافت کا نظام رائج تھا اور اسلام جس نظام حکومت کی بنیاد رکھتا ہے وہ یہی نظام خلافت ہے۔ یزید کی آمد کے ساتھ اسلامی نظام حکومت خلافت کی ڈگر سے ہٹ کر ملوکیت میں تبدیل ہوگیا اور یہ اسلامی نظام زندگی میں ایسی اساسی تبدیلی تھی کہ جس کے اثرات صدیوں تک باقی رہے۔ بنوامیہ، بنو عباسہ اور خود ہندوستان میں مغلوں نے بھی ملوکیت ہی کے نظام کو چلایا، چوں کہ ملوکیت خلافت کی ضد ہے ، اس لئے ملوکیت کی آمد کے ساتھ مسلم معاشرہ بالکلیہ تبدیل ہوگیا۔ خلافت و ملوکیت ایک دوسرے سے بالکلیہ مختلف ہیں۔ خلافت میں امیر المومنین کا طرزِ زندگی ایک عام رعایا کی طرح ہوتا ہے۔ لیکن ملوکیت میں شاہانہ ٹھاٹ باٹ ہوتی ہے۔ خلافت میں لوگوں کو خلیفہ کے محاسبہ کی آزادی حاصل رہتی ہے اور ملک کا ایک ادنیٰ باشندہ خلیفہ کی گرفت کرسکتا ہے، لیکن ملوکیت میں بادشاہ محاسبہ سے ماورا ہوتا ہے۔اس کے خلاف کوئی چوں و چراں نہیں کرسکتا۔ خلافت میں سارے اجتماعی معاملات شورائی نظام کے تحت طئے پاتے ہیں، خلیفہ من مانی نہیں کرسکتا۔ لیکن ملوکیت میں بادشاہ خود مختار ہوتا ہے۔ سارے فیصلے اپنی انفرادی رائے سے نافذ کرتا ہے۔ خلافت میں سارے معاملات کتاب وسنت کے مطابق طئے کئے جاتے ہیں، جبکہ ملوکیت میں ساری چیزیں بادشاہ کے اردگرد گھومتی ہیں۔ خلافت میں بیت المال رعایا کی امانت ہے جس کا خلیفہ محض نگراں ہوتا ہے۔ ملوکیت میں بیت المال بادشاہ کا ذاتی خزانہ بن جاتا ہے۔ خلافت میں خلیفہ تقویٰ و عبادت کے اونچے معیار پر ہوتا ہے جبکہ ملوکیت میں اقتدار کا نشہ سوار رہتا ہے اور بادشاہ اقتدار کے نشہ میں احکام الٰہی کو پامال کرتا ہے ( الاماشاء اللہ) خلافت میں عدالت اور عدالتی عملہ کو پوری آزادی حاصل ہوتی ہے۔ عدلیہ حکومتی دباؤ سے آزاد رہتی ہے۔ لیکن ملوکیت میں عدلیہ کو آزادی حاصل نہیں رہتی ۔ خلافت و ملوکیت کے اس فرق سے اندازہ کیاجاسکتا ہے کہ یزید کا اقتدار پر آنا کیسی خطرناک تبدیلی کا پیش خیمہ تھا۔ اسلامی نظام زندگی بالکل الٹ کر رکھ دیا جارہا تھا۔ واقعہ یہ ہے کہ اگر حضرت سیدنا حسین ص نے جان کی قربانی نہ دی ہوتی تو اسلامی خلافت کے تصور کا کتابوں میں محفوظ رہنا بھی مشکل ہوتا۔ حضرت سیدنا حسین ص جانتے تھے کہ اس وقت ملوکیت کی مخالفت کرنا اور اس کے آگے ڈٹے رہنا وقت کا تقاضہ ہے، اس لئے انہوں نے اپنی جان کی قربانی دینے سے گریز نہیں کیا۔ بیعت یزید کے وقت کیا صورتحال تھی اور حضرت حسین ص نے اقدام جہاد کیوں کیا۔ اس کا اندازہ آپ کے ان حالات میں دئیے گئے ایک خطبہ سے ہوتا ہے۔ آپ ص نے فرمایا:’’ اے لوگو! رسول انے فرمایا ہے کہ جس نے ظالم، محرمات الٰہی کو حلال کرنے والے ، سنت رسول اکی مخالفت اور خدا کے بندوں پر گناہ اور زیادتی کے ساتھ حکومت کرنے والے بادشاہ کو دیکھا اور اس کو قولاً و عملاً غیرت نہ آئی تو خدا کو حق ہے کہ اس کو بادشاہ کے بجائے دوزخ میں ڈال دے۔ لوگو! خبردار ہوجاؤ ان لوگوں نے شیطان کی اطاعت اختیار کی ہے۔ رحمن کی اطاعت چھوڑ دی ہے۔ ملک میں فساد پھیلایا ہے۔ حدود الٰہی کو بیکار کررہا ہے۔ خدا کی حلال کی ہوئی چیزوں کو حرام کررہا ہے اور حرام کی ہوئی چیزوں کو حلال ۔ مالِ غنیمت میں اپنا حصہ زیادہ لیتے ہیں۔ اس لئے مجھ کو غیرت آنے کا زیادہ حق ہے۔‘‘ (ابن الاثیر بحوالہ سیرالصحابہ) اس خطبہ کے ایک ایک لفظ سے غیرتِ اسلامی جھلکتی ہے اور حفاظتِ حق کا وہ جذبہ ظاہر ہوتا ہے جس کے تحت حضرت حسین ص نے جان کی بھی پرواہ نہ کی۔ حضرت حسینؓ نے اسلامی ریاست کی بنیادی خصوصیات کے لئے جان کی قربانی دی۔ انہوں نے اپنے عمل سے بتادیا کہ حق کے لئے سرکٹایاجاسکتا ہے لیکن باطل کے آگے سرنگوں ہونا مومن کی شان نہیں۔ مومن کا سر حق کے لئے کٹ تو سکتا ہے لیکن باطل کے آگے جھک نہیں سکتا۔
حضرت حسین ص کی شہادت سے دوسرا سبق یہ ملتا ہے کہ مومن کو نا مساعد اور ناموافق حالات میں بھی حق پر جمے رہنا چاہئے اور حق سے وابستگی میں کمزور ی آنے نہ دینا چاہئے۔ لوگ عام طورپر موافق حالات میں توحق کو اپناتے ہیں لیکن جب نامساعد حالات کا سامنا ہو تو ان کے لئے حق پر اور دین پر جمے رہنا دشوار ہوجاتا ہے، پھر وہ باطل سے سمجھوتہ کرنے میں عافیت سمجھنے لگتے ہیں۔

شہادتِ حسین ص کا تیسرا سبق یہ ہے کہ مومن کو مخالفانہ ماحول سے متاثر نہ ہونا چاہئے۔ بیعت یزید کے وقت بیشتر لوگ خوف کے مارے سکوت اختیار کئے ہوئے تھے۔ ماحول بالکل مخالفانہ تھا، لیکن حضرت حسین ص نے اس کی پروانہ نہیں کی۔شہادتِ حسین ص کا ایک پیغام یہ بھی ہے کہ مومن کو حق کے دفاع اور تحفظ کے لئے ظاہری اسباب پر بھروسہ نہ کرنا چاہئے۔ علمبردارانِ حق کبھی ظاہری اسباب تعداد و اسلحہ سے مرعوب نہیں ہوتے۔ حضرت حسین ص باوجود اس کے کہ ان کے حامیوں کی تعداد کم تھی، ان کے پاس اسباب بھی کم تھے، لیکن وہ دشمن کے اسباب و وسائل سے مرعوب نہیں ہوئے۔ جنگ بدر میں حضور اکا طرزِ عمل بھی اسی کی شہادت دیتا ہے۔ ہرزمانہ میں اہلِ حق نے بے سرو سامانی کے عالم میں حق کا دفاع کیا۔ نیز حضرت حسین ص کے واقعہ سے اس کا بھی اظہار ہوتا ہے کہ کامیابی و ناکامی کا تعلق ظاہری فتح و شکست سے نہیں، اصل چیز مقصد میں کامیابی ہے۔ چاہے وہ لڑتے لڑتے جان دینے سے کیوں نہ حاصل ہوجائے ۔ حضرت حسین ص شہید ہوئے۔ یزیدی فوج کو بظاہر فتح حاصل ہوئی، لیکن حقیقی کامیابی سے حضرت حسین ص ہمکنار ہوئے، جس مقصدکے لئے وہ اٹھے تھے اس میں انہیں بھر پور کامیابی حاصل ہوئی۔

حضرت حسین ص کی شہادت کے واقعات سے یہ بھی واضح ہوتا ہے کہ مصیبت ہو کہ خوشحالی ہر حال میں مومن احکامِ الٰہی کا پابند ہے۔ شدتِ مصیبت میں وہ احکام الٰہی کو پامال نہیں کرتا۔ عین حالت جنگ اور معرکۂ کار زار میں بھی حضرت حسین ص نماز ترک نہیں فرمائی اور اللہ کے احکام کو پامال ہونے نہیں دیا۔ آج ہماری صورتحال یہ ہے کہ گھر میں کسی کا انتقال ہوجائے یا کوئی مصیبت آجائے تو ہم اسلامی پابندیوں کو بالائے طاق رکھ دیتے ہیں۔ عموماً خوشی اور غم کے موقع پر احکامِ شریعت کی کھلی خلاف ورزی کی جاتی ہے۔ واقعہ شہادتِ حسین ص اور دیگر انبیاء کرام علیہم السلام کے ساتھ پیش آئے واقعات سے ایک بات یہ ثابت ہوتی ہے کہ اللہ نے جس کسی کو بلند مقام عطا فرمایااسے پہلے آزمائش میں مبتلا کیا۔ واقعہ شہادتِ حسین ص کا ایک اور عظیم نکتہ جس کی طرف مولانا آزاد رحمتہ اللہ علیہ نے اشارہ کیا ہے یہ کہ شہادت حسین رضی اللہ عنہ دراصل تکمیل جہاد کا ذریعہ ہے۔حضرت مولانا عبدالماجد دریا آبادی واقعۂ شہادت پر روشنی ڈالتے ہوئے لکھتے ہیں :’’ سیدنا حضرت حسین ص نے اگر از خود کہیں حملہ کردیا ہوتا تو مخالفین کو یقینا یہ کہنے کا موقع مل جاتا کہ فوج کشی ، ملک گیری اور حصول سلطنت کے اغراض سے ہوئی اور اگر حکومت فاسقہ کے مطالبہ بیعت کو مان لیا ہوتا تو دوسری طرف امت کے لئے ایک سند اور نظیر قائم ہوجاتی کہ مردِ حق پرست کے لئے باطل کی اطاعت اور فسق سے مفاہمت جائز اور درست ہے۔حضرت حسین ص نے افراط اور تفریط دونوں سے بچ کر وہ راستہ اختیار کیا جو عین عدل و اعتدال کا راستہ تھا۔ اسوۂ حسین ص ہمیشہ کیلئے امت کے حق میں دلیل راہ بن گیا۔‘‘

 

 

TOPPOPULARRECENT