Friday , August 18 2017
Home / Top Stories / شہرمیں تیز اور موسلادھار بارش، کئی علاقے جھیل میں تبدیل

شہرمیں تیز اور موسلادھار بارش، کئی علاقے جھیل میں تبدیل

حیدرآباد۔27جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں موسلادھار بارش نے عام زندگی کو مفلوج کر دیا۔ دونوں شہروں کے مختلف علاقوں کی سڑکیں جھیل میں تبدیل ہو گئی اور نشیبی علاقوں کے مکانات و تجارتی علاقوں میں بارش کا پانی داخل ہونے کی شکایات موصول ہوئی۔ دونوں شہروں میں ہوئی چند گھنٹوں کی بارش کے بعد کئی گھنٹوں تک شہر کی اہم سڑکوں پر ٹریفک نظام درہم برہم دیکھا گیا۔محکمۂ موسمیات کی جانب سے آئندہ 48گھنٹوں کے دوران شدید بارش کی پیش قیاسی کی گئی تھی اور آج دوپہر ہوئی بارش کا سلسلہ سہ پہر تک جاری رہا۔ بلدی حدود میں 119خصوصی ٹیمیں متعین کی گئی تھیںتاکہ پانی جمع ہونے کی شکایات کا  فی الفور ازالہ کیا جا سکے۔ محکمۂ موسمیات کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے بموجب سکندرآباد منڈل میں سب سے زیادہ 44.25ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ شیر لنگم پلی اور مادھاپور کے علاقوں میں سب سے کم بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

موسلا دھار بارش کے ساتھ ہی بیشتر علاقوں میں برقی سربراہی معطل ہونے کی شکایات موصول ہونے لگی۔ نامپلی‘ ملے پلی ‘ آغاپورہ‘ بازار گھاٹ‘ لکڑی کا پل‘ مہدی پٹنم‘ ہمایوں نگر‘ مانصاحب ٹینک‘ معظم جاہی مارکٹ‘ عابڈز‘ گاندھی بھون‘ سوماجی گوڑہ‘ پنجہ گٹہ‘ حمایت نگر ‘ بشیر باغ‘ ٹولی چوکی‘ کوکٹ پلی‘ سرور نگر‘ سکندرآباد‘ لنگر حوض‘ وغیرہ میں پانی جمع ہوجانے سے عوام کو کافی دیر تک پھنسے رہنا پڑا۔ بیگم بازار‘ عثمان گنج‘ منڈی میر عالم ‘ ملک پیٹ کے تجارتی بازاروں میں تاجرین کو بھی شدید نقصانات کا سامنا کرنا پڑا بعض چھوٹی دکانات میں پانی داخل ہونے کے سبب تاجرین کو پریشانی کے عالم میں پانی کے اخراج کی کوششیں کرتے دیکھا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں نالوں کی بروقت عدم صفائی کے سبب بارش کے پانی کے سبب نالے ابل پڑے جس کی وجہ سے عوام کو شدید برہمی کے عالم میں گھروں میں پانی داخل ہونے سے روکنے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔ پرانے شہر کے علاقوں عیدی بازار‘ سنتوش نگر‘ کشن باغ‘ وٹے پلی ‘ تالاب کٹہ ‘ بھوانی نگر‘ نشیمن نگر‘ ریاست نگر‘ مغلپورہ‘ شاہ علی بنڈہ‘ دیوان دیوڑھی‘ محبوب چوک‘ بہادر پورہ چوراہا‘ میرعالم کے علاوہ دیگر علاقوں سے پانی جمع ہونے کی شکایات موصول ہوئی ۔

دن میں قریب 12بجے پرانے شہر کے علاقو ںمیں شروع ہوئی بارش کا سلسلہ 3:30بجے تک جاری رہا اور اس دوران عام زندگی بلکلیہ طور پر مفلوج رہی۔ مصروف ترین اوقات کار میں ہونے والی اس بارش کے سبب کئی افراد نے خود کو دفاتر‘ تجارتی اداروں کے علاوہ گھروں کی حد تک محدود رکھا۔ شہر کے نواحی علاقوں شمس آباد‘ راجندر نگر‘ ایل بی نگر‘ حیات نگر‘ شاہ میر پیٹ کے علاقوں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران حیدرآباد میں مجموعی اعتبار سے 10.6ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے اور آئندہ 24گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش قیاسی کی جا رہی ہے۔ ریاست تلنگانہ کے مختلف علاقوں میں بھی گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران ہلکی و تیز بارش کا سلسلہ جاری رہا اور مختلف اضلاع با لخصوص نظام آباد‘ کریم نگر وغیرہ میں گذشتہ شب موسلادھار بارش کی اطلاعات ہیں۔

TOPPOPULARRECENT