Sunday , August 20 2017
Home / کھیل کی خبریں / شہریار ہند۔پاک سیریز پر غور کیلئے ممبئی مدعو

شہریار ہند۔پاک سیریز پر غور کیلئے ممبئی مدعو

لاہور۔16 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام )بی سی سی آئی نے کشیدہ سیاسی تعلقات کی وجہ سے غیر یقینی حالات کا  شکارہند۔ پاک سیریز کے امکانات پر غور کیلئے پی سی بی چیرمین شہریار خان کو مدعو کیا ہے۔ پی سی بی اور بی سی سی آئی نے گزشتہ سال 2023 سے 2015 کے درمیان چھ سیریز کھیلنے کا معاہدہ کیا تھا۔معاہدے کے تحت پاکستان کو رواں سال دسمبر میں ہندوستان کے خلاف متحدہ عرب امارت میں دو ٹسٹ، پانچ ونڈے اور دو  ٹوئنٹی20  مقابلوں کی میزبانی کرنا ہے۔ تاہم  دونوں پڑوسی ملکوں کے درمیان کشیدہ سیاسی صورتحال کی وجہ سے اس سیریز پر گہرے سائے منڈلا رہے ہیں۔ شہریار خان نے کچھ عرصہ قبل امید ظاہر کی تھی کہ دبئی میں آئی سی سی کانفرنس کے موقع پر بی سی سی آئی سربراہ سے ایک  ملاقات میں مثبت پیش رفت ہو سکتی ہے۔ تاہم بی سی سی آئی کے نو منتخب صدر ششانک منوہر اجلاس میں شریک نہ ہو سکے۔ شہریار کے مطابق، چونکہ منوہر آئی سی سی اجلاس میں شریک نہ ہو سکے لہذا انہوں نے بی سی سی آئی کی ورکنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد مجھے ٹیلی فون پر ہندوستان مدعو کیا۔ مجھے امید ہے کہ اگلے آٹھ سے دس دنوں میں حتمی جواب موصول ہو جائے گا۔ شہریار خان نے کہا  کہ اس سیریز سے عالمی کرکٹ کو فائدہ پہنچے گا۔ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان سیریز عالمی سطح پر کھیل کیلئے فائدہ مند ہے۔ہم ہندوستان کے مثبت جواب کا گرم جوشی سے خیر مقدم کریں گے۔

TOPPOPULARRECENT