Friday , August 18 2017
Home / شہر کی خبریں / شہریوں پر سڑک کے استعمال کے چارجس

شہریوں پر سڑک کے استعمال کے چارجس

روڈ کی نگہداشت، فٹ پاتھس کو بہتر بنانے کی تجویز: میئر جی ایچ ایم سی بی رام موہن

حیدرآباد ۔ /16 مارچ (سیاست نیوز)  بلدی انتخابات کے ساتھ ہی عوام پر کی جانے والی حکومت کی مہربانیوں کا خاتمہ ہوتا نظر آرہا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبے کے مطابق بہت جلد شہریان حیدرآباد پر روڈ پیاکس عائد کرنے کا ارادہ ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ میئر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ شہر میں اعلیٰ معیاری بی ٹی روڈ کی فراہمی اور ان کی بہتر نگہداشت کیلئے استعمال کنندگان سے معمولی رقومات وصول کئے جانے میں کوئی قباحت نہیں ہے ۔ اسی لئے شہریوں پر روڈ کی نگہداشت کا سرچارج عائد کرنے کے متعلق غور کیا جارہا ہے ۔ میئر کے بموجب سڑکوں کے تعمیراتی کام انجام دینے والے کنٹراکٹرس کو جوابدہ بنانے کیلئے اس اقدام پر غور کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس منصوبہ کو قابل عمل بنانے کیلئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مشاورت کے بعد اسے اسٹینڈنگ کمیٹی کے روبرو پیش کیا جائے گا ۔ مسٹر بی رام موہن نے اس بات کی وضاحت کی کہ سڑکوں کی نگہداشت کے سرچارج وصول کرنے سے قبل شہریوں میں شفافیت اور احساس ذمہ داری پیدا کرنے کیلئے ضروری میکانزم تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ خانگی ٹھیکے داروں کی جانب سے تعمیر کی جانے والی سڑکوں کو رہائشی ویلفیر اسوسی ایشنس کے حوالے کرتے ہوئے نگہداشت کی ذمہ داری تفویض کرنے کا منصوبہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مذکورہ منصوبے پر عمل آوری کیلئے وارڈ کمیٹی ایریا سبھا ، علاقائی ویلفیر اسوسی ایشنس کے درمیان تال میل پیدا کرتے ہوئے انہیں یوزر چارج وصول کرنے کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ فٹ پاتھ کو بہتر بنانے کے علاوہ مصروف ترین سڑکوں پر ٹریفک کے بہاؤ کو آسان بنانے کیلئے بلدیہ کی جانب سے منصوبہ بندی کی جارہی ہے اور جن تعمیراتی کاموں میں تاخیر ہورہی ہے انہیں بروقت مکمل کرنے کے اقدامات پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ مسٹر بی رام موہن نے بتایا کہ سڑکوں کے استعمال کرنے والوں کے ذریعہ ہی سڑکوں کی نگہداشت کو یقینی بنانے کیلئے یہ ضروری ہے کہ ان میں ذمہ داری کا احساس پیدا کیا جائے اور معمولی مالی بوجھ عائد کرتے ہوئے اس بات کا احساس کروایا جائے کہ ان کے اپنے پیسے سے شہر کی سڑکیں بہتر ہورہی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کو قابل عمل بنانے کیلئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے اراکین سے مشاورت کی جائے گی اور تجاویز حاصل کرنے کے بعد ہی اس سلسلے میں قطعی فیصلہ کیا جائے گا ۔ شہریوں پر سڑک کے استعمال کے چارجس عائد کرنے سے قبل چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے بھی اس سلسلے میں مشاورت کی جائے گی تاکہ ان کے مشورہ سے ضروری ترامیم کو یقینی بنایا جاسکے ۔

TOPPOPULARRECENT