Saturday , June 24 2017
Home / شہر کی خبریں / شہری ٹرانسپورٹ نظام کو جی ایچ ایم سی کے تحت لانے کی منصوبہ بندی

شہری ٹرانسپورٹ نظام کو جی ایچ ایم سی کے تحت لانے کی منصوبہ بندی

بی آر ٹی اور ٹرام چلانے کی تجویز ، وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا کونسل میں بیان
حیدرآباد۔16مارچ (سیاست نیوز) حکومت شہر ی نظام ٹرانسپور ٹ کو مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے تحت لانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس سلسلہ میں جلد فیصلہ کیا جائے گا۔ شہر میں بی آر ٹی اور ٹرام چلانے کی بھی تجویز زیر غور ہے کیونکہ شہر حیدرآباد تیزی سے ترقی کرنے والا وہ شہر ہے جو ریاست تلنگانہ کے ریڑھ کی ہڈی ہے ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق و انفارمیشن ٹکنالوجی نے تلنگانہ قانون ساز کونسل میں مسٹر پی رویندر کی جانب سے اٹھائے گئے سوال کے جواب میں یہ بات بتائی ۔ اور کہا کہ شہر حیدرآباد میں موجود بس شیلٹرس کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اب تک بس شیلٹر س کی تعمیر و نگہداشت کی ذمہ داری آر ٹی سی کی ہوا کرتی تھی لیکن اب یہ ذمہ داری جی ایچ ایم سی نے لے لی ہے اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے عوامی خانگی شراکت داری کے تحت بس شیلٹرس کی تعمیر عمل میںلائی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بات درست ہے کہ شہر میں بس شیلٹر س کی حالت انتہائی خستہ ہے اور اس کے سدھار کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ مسٹر کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ بعض مقامات پر بس شیلٹرس پر نا جائز قبضہ جات کی اطلاعات پر ان قبضہ جات کی برخواستگی کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں معیاری ٹرانسپورٹ نظام روشناس کروانے کیلئے کاروائی کی جا رہی ہے ۔ وزیر نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے 1000کروڑ کی تخصیص عمل میں لائی گئی ہے۔ حیدرآباد میں 1123بس شیلٹرس ہیں اور 430کو عصری بنانے کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے اور بہت جلد مابقی بس شیلٹرس کو بھی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وقفہ سوالات کے دوران شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں ناقابل استعمال بس شیلٹرس اور بس شیلٹرس پر قبضہ جات کے متعلق اٹھائے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے مسٹر کے ٹی راما راؤ نے ان تفصیلات کا انکشاف کیا۔ اور بتایا کہ حیدرآباد کے ٹرانسپورٹ سسٹم کو بہترین اور معیاری بنانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مسٹر ایم ایس پربھاکر نے بھی اس مسئلہ پر توجہ دہانی کرواتے ہوئے شہر کے مختلف مقامات پر بس شیلٹرس کی صورتحال سے واقف کرواتے ہوئے وزیر سے خواہش کی کہ عوام کو سہولت کی فراہمی کیلئے بس شیلٹرس میں موجود قبضوں کو برخواست کروایاجائے اور عوام کو بیٹھنے کی سہولت فراہم کی جائے۔

Leave a Reply

TOPPOPULARRECENT