Monday , September 25 2017
Home / شہر کی خبریں / شہر حیدرآباد میں سمینار ”اردو ادب کے ارتقاء میں دکن کا حصہ ”

شہر حیدرآباد میں سمینار ”اردو ادب کے ارتقاء میں دکن کا حصہ ”

حیدرآباد15۔دسمبر (یواین آئی) پرانا شہر حیدرآباد کے ، تالاب کٹہ،میں واقع جامعہ دارالعلوم رحمانیہ حیدر آباد میں عالمی رابطہ ادب اسلامی کا سالانہ سمینار بعنوان ” اردو ادب کے ارتقاء میں دکن کا حصہ ” 16 تا 18 دسمبر ‘ منعقد ہوگاجس کی صدارت مولاناسید محمد رابع حسنی ندوی صدر عالمی رابطہ ادب اسلامی و صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کریں گے ۔ اس سمینار میں مولانا سید محمد واضح رشید حسنی ندوی جنرل سکریٹری عالمی رابطہ ادب اسلامی، پروفیسر ابوالرضاء محمد نظام الدین ندوی رکن پارلیمنٹ بنگلہ دیش مہمانان خصوصی ہوں گے ‘ ہندوستان کی جامعات و یونیورسٹیز کے علاوہ بیرون ہند سعودی عرب، بنگلہ دیش، امریکہ، کنیڈا سے تقریباً تین سو ادباء و شعرا ء شریک ہوں گے جو مختلف نشستوں میں اپنے تحقیقی مقالات پیش کریں گے ۔ مولانا مفتی غیاث الدین رحمانی نے بتایا کہ اردو ادب میں ایسا مواد شامل ہورہا ہے جس سے عام طور پر کوئی فائدہ نہیں ہے ۔ دنیا بھر کے ماہرین علم و فن اردو ادب کے ارتقاء میں دکن کا حصہ عنوان پر جب اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے تو یہ اہل دکن کے لئے ایک اثاثہ بن جائے گا۔ ماہرین علم و فن کی معرکۃ الاراء تحقیق ایک دستاویزی شکل اختیار کرجائے گی۔انہوں نے بتایا کہ ہر سال عالمی رابطہ ادب اسلامی کے سمینار مختلف شہروں میں منعقد ہوتے ہیں حیدرآباد میں یہ سمینار تقریبا 20 سال قبل منعقد ہوا تھا۔ ایک وقفہ کے بعد یہ عالمی سمینار حیدرآباد میں اس علاقہ کے متعلقہ موضوع پر منعقد ہونے جارہا ہے جو کہ ایک خوش آئند بات ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سہ روزہ عالمی سمینار کی افتتاحی نشست 16 دسمبر جمعہ کو بعد نماز مغرب منعقد ہوگی، جس میں مہمانوں کے علاوہ مقامی علماء، قائدین ودانشوران میں مولانا شاہ محمد جمال الرحمن مفتاحی ، مولانا خالدسیف اللہ رحمانی، مولانا مفتی صادق محی الدین ، جناب محمد محمود علی نائب وزیراعلی تلنگانہ ، اسد الدین اویسی ایم پی وصدر کُل ہند مجلس اتحاد المسلمین ، جناب محمد علی شبیر تلنگانہ کونسل میں حزب اختلاف کے رہنما کے علاوہ جناب سید احمد پاشاہ قادری معتمد عمومی مجلس و رکن اسمبلی چارمینار، جناب اے کے خان ڈائرکٹرجنرل اینٹی کرپشن بیورو شرکت کریں گے ۔ سہ روزہ سمینار کے اختتام پر اتوار کی شام ایک اجلاس عام بعنوان تحفظ شریعت و اصلاح معاشرہ زیر صدارت مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی منعقد ہوگا’جس میں مولانا سید سلمان حسینی ندوی ، مولانا خالد غازی پوری ندوی، مولانا بلال عبد الحی حسنی ندوی ودیگر علماء مخاطب کریں گے ۔ ایک نشست محفلِ شعر و سخن ہفتہ 16 دسمبر کو 9 بجے شب زیر صدارت ڈاکٹر تابش مہدی منعقد ہوگی جس میں مہمان و میزبان شعراء اپنا کلام پیش کریں گے ۔مولانا محمد فصیح الدین ندوی معاون کنوینر کے مطابق سمینار کے انتظامات تقریبا مکمل کرلئے گئے ۔ بیرونی مہمانوں کی آمد کا 15 دسمبر سے آغاز ہورہا ہے ۔

TOPPOPULARRECENT